ڈزنی لینڈ پیرس میں 9 سالہ بچی سے جعلی شادی کی کوشش، برطانوی شہری گرفتار

پیرس (روشن پاکستان نیوز) فرانس کے شہر پیرس میں واقع ڈزنی لینڈ میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک برطانوی شخص کو مبینہ طور پر 9 سالہ بچی کے ساتھ جعلی شادی رچانے کی کوشش پر گرفتار کر لیا گیا۔ یہ تقریب ہفتے کی صبح پارک کے کھلنے سے قبل، پرائیویٹ طور پر منعقد کی گئی تھی جس پر مبینہ طور پر 1,30,000 یورو (تقریباً 1,11,140 پاؤنڈ) خرچ کیے گئے۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق، مذکورہ تقریب کے دوران عملے نے نو عمر لڑکی کو دلہن کے لباس اور اونچی ایڑیوں میں لڑکھڑاتے دیکھا جس پر شک گہرا ہوا کہ یہ ممکنہ طور پر غیر قانونی کم عمری کی شادی ہو سکتی ہے۔ فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی اور کارروائی عمل میں لائی گئی۔

فرانسیسی پراسیکیوٹر ژاں-بابتیست بلادیئر کے مطابق، برطانوی مشتبہ شخص نے دلہا کا کردار ادا کیا تھا اور خود کو مکمل طور پر مختلف دکھانے کے لیے پیشہ ورانہ میک اپ کروایا تھا۔ اس شخص کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

معاون پراسیکیوٹر الیگزاندر ورنے کے مطابق، یہ تقریب ایک فلمی شوٹنگ کا منظرنامہ تھی جس میں تقریباً 100 افراد کو بطور ایکسٹرا مدعو کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اصل شادی نہیں بلکہ ایک جعلی شادی کی فلمبندی تھی جسے سوشل میڈیا پر نشر کرنے کا منصوبہ تھا۔

فرانسیسی اخبار ‘لے پاریزین’ کی رپورٹ کے مطابق، ڈزنی لینڈ کی بکنگ کئی ہفتے پہلے کر لی گئی تھی اور جعلی تقریب کا انعقاد ‘شہزادی کے قابل دن’ کے عنوان سے کیا جا رہا تھا، جیسا کہ لڑکی کی والدہ نے پولیس کو بتایا۔

مزید پڑھیں: ’شادی وقت کا ضیاع‘: چینی شخص نے نوکری اور گھر بار چھوڑ کر غار میں بسیرا کرلیا

تقریب میں شامل عملے نے اس وقت حیرانی کا اظہار کیا جب 9 سالہ بچی دلہن کے لباس میں نمودار ہوئی اور بمشکل چل پا رہی تھی۔ عملے نے فوری طور پر انتظامیہ کو مطلع کیا اور ڈزنی لینڈ نے تقریب منسوخ کر دی۔

پولیس کے مطابق اس واقعے میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں برطانوی منتظم، 24 سالہ لاٹوین خاتون (جو دلہن کی جعلی بہن بنی)، 41 سالہ یوکرینی ماں، اور ایک 55 سالہ لاٹوین مرد شامل تھے جس نے دلہن کے والد کا کردار ادا کیا۔ اتوار کی شام تک صرف دو افراد زیرِ حراست تھے جبکہ ماں اور لاٹوین مرد کو بغیر الزام رہا کر دیا گیا۔

پراسیکیوٹر آفس کے مطابق ڈزنی لینڈ کو دھوکہ دیا گیا کیونکہ منتظم نے خود کو لاٹوین شہری ظاہر کیا اور جعلی دستاویزات جمع کروائیں۔ تمام تر تحقیقات کے بعد یہ بات واضح ہوئی کہ کمسن بچی کے ساتھ کوئی زبردستی یا جسمانی زیادتی نہیں ہوئی تھی۔

عدالت میں پیشی کے لیے منتظم اور دلہن کی جعلی بہن کو پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ان پر فراڈ اور ڈزنی لینڈ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے الزامات عائد کیے جائیں گے۔

ڈزنی لینڈ پیرس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران مشکوک حرکات محسوس ہوتے ہی تقریب کو فوراً منسوخ کر دیا گیا اور قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا گیا۔

مزید خبریں