اتوار,  22 جون 2025ء
جے کے سی اوکے زیراہتمام مرزا محمد شفیق جرال کے اعزازمیں عشائیہ

جدہ(روشن پاکستان نیوز) جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز (جے کے سی او) کے زیر اہتمام سابق صدر مسلم کانفرنس مرزا محمد شفیق جرال کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں ایک پروقار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جس کے میزبان سردار محمد اشفاق خان تھے۔ تقریب میں کشمیری، پاکستانی کمیونٹی، صحافیوں، اور مختلف شعبوں سے وابستہ نمایاں افراد نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز قاری محمد آصف کی تلاوت سے ہوا جبکہ صدارت انجینئر محمد عارف مغل نے کی۔ چوہدری خورشید احمد متیال نے جے کے سی او کے قیام اور اس کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ فورم 2005 کے زلزلے کے بعد کشمیریوں کے اتحاد و یکجہتی کے لیے قائم کیا گیا تھا۔

سابق چیئرمین سردار وقاص عنایت نے کہا کہ تقریب کا مقصد ایک دوسرے کے حالات سے آگاہی اور جذبہ شہادت کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ افواج پاکستان اور ائرفورس کے جوانوں کو ان کی بہادری پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مرزا شفیق جرال نے خطاب میں اپنے سیاسی و سماجی سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل آپ سب کے اتحاد میں ہے۔ اگر رائے شماری کرائی جائے تو عوام پاکستان کے ساتھ ہوں گے۔ آخر میں میزبان سردار اشفاق نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مرزا شفیق کو عمرہ و حج کی مبارکباد دی۔ تقریب کی نظامت راجہ شمروز نے کی اور دعا محسن غوری نے کروائی۔

مزید خبریں