اتوار,  22 جون 2025ء
امریکی صدر نے ایران کو نہیں اپنی قوم کو بھی دھوکہ دیا، ایرانی وزیر خارجہ

استنبول(روشن پاکستان نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے ایران کو نہیں بلکہ اپنی قوم کو بھی دھوکہ دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران امریکی حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔ اور امریکہ کے ایران پر حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ ایران کبھی اپنی علاقائی خودمختاری پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔ جبکہ امریکہ نے پر امن جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے یو این چارٹر کی خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تہران اپنی خودمختاری اور عوام کا دفاع جاری رکھے گا۔ جبکہ امریکی صدر نے صرف ایران کو دھوکہ نہیں دیا اپنی قوم کو بھی دھوکہ دیا ہے۔

عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ گروسی نے اس جارحیت کی راہ ہموار کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی جوہری تنصیبات پر حملوں کی مذمت کرے۔ ایران اپنی سلامتی، مفادات اور دفاع کے لیے حق محفوظ رکھتا ہے۔ اور جوہری تنصیبات پر حملہ بین الاقوامی قانون کی ناقابل معافی خلاف ورزی ہے۔ سفارتکاری کے دروازے ہمیشہ کھلے رہنے چاہیئیں لیکن ابھی اس کا وقت نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: خلیج میں ایران کے نشانے پر موجود امریکی فوجی تنصیبات، کون کون سے ملک لپیٹ میں آئیں گے؟

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق کے مطابق جواب دینا ہو گا۔ جبکہ اس وقت ایران سے سفارت کاری کی طرف واپسی کا مطالبہ کرنا اہم نہیں ہے۔ امریکہ نے سفارت کاری اور مذاکرات سے دھوکہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ صرف دھمکی اور طاقت کی زبان سمجھتے ہیں۔ اور امریکہ نے واضح کردیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام نہیں کرتا۔ امریکہ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے ریڈ لائن کراس کی۔

عباس عراقچی نے کہا کہ نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ایران نے کچھ غلط نہیں کیا۔ اور سمجھنا مشکل ہے کہ جھوٹے دعوے کی بنیاد پر ہم پر حملہ کیوں کیا گیا۔

مزید خبریں