تہران(روشن پاکستان نیوز) ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے بعد اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے 21 جون کو وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس استنبول میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں اسرائیلی اقدامات کے خلاف خصوصی سیشن ہوگا، جس میں رکن ممالک کی اعلیٰ قیادت شرکت کرے گی۔
ترک صدر رجب طیب اردوان افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے، جبکہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بھی اجلاس میں شریک ہو کر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے، جو جمعہ کو استنبول پہنچیں گے۔ وہ اجلاس میں ایران پر اسرائیلی حملوں سے متعلق پاکستان کا مؤقف واضح طور پر پیش کریں گے۔
اجلاس کے دوران اسحاق ڈار کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، اور بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ توحید حسین سمیت آذربائیجان، ترکیہ، ملائشیا، مصر اور کویت کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں طے ہیں۔
مزید پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صدر ٹرمپ کو حکومت پاکستان کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت
مزید برآں او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر کا اجلاس بھی اتوار کے روز استنبول میں منعقد ہوگا، جس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
یہ اجلاس خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اسلامی ممالک کے مشترکہ ردعمل کی کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔