اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک اہم اور روحانی لمحہ آنے والا ہے، جب خطبہ حج کو اس سال 35 مختلف عالمی زبانوں میں ترجمہ کر کے نشر کیا جائے گا، تاکہ دنیا بھر کے لاکھوں مسلمان براہِ راست اس پیغام کو سمجھ سکیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق، میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ سے خطبہ حج کو اردو، انگلش، فارسی، فرانسیسی، ترکی، چینی، روسی، بنگالی، انڈونیشین اور دیگر زبانوں سمیت 35 زبانوں میں ترجمہ کر کے نشر کرنے کا انتظام مکمل کر لیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے بتایا کہ “حرمین شریفین سے اسلام کے میانہ روی، اعتدال پسندی، اور اخوت کے پیغام کو دنیا بھر تک پہنچانے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ اس سال تقریباً پانچ ملین (50 لاکھ) افراد خطبہ حج کو براہ راست سننے کے قابل ہوں گے۔
سعودی حکام کے مطابق یہ ترجمے نہ صرف ریڈیو اور ٹی وی کے ذریعے نشر کیے جائیں گے بلکہ آن لائن اسٹریمنگ، ایپلی کیشنز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی دنیا بھر میں مسلمانوں تک پہنچائے جائیں گے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ خطبہ حج کے ترجمے کیے جا رہے ہوں، تاہم اس بار ترجمہ شدہ زبانوں کی تعداد، ترسیل کے ذرائع، اور رسائی کا دائرہ کار پہلے سے کہیں زیادہ وسیع اور مربوط بنایا گیا ہے۔ اس اقدام کو عالم اسلام میں سراہا جا رہا ہے، جس سے دنیا بھر کے مسلمان اپنی زبان میں دین اسلام کے بنیادی پیغامات کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے۔