پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر آمادہ ہو گئے، ٹرمپ کا اعلان

واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز)  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہےکہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر آمادہ ہو گئے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے دونوں ممالک سے پوری رات بات چیت کی اور اس کی ثالثی کے باعث پاکستان اور بھارت فوری اور مکمل فائر بندی پر راضی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کر دی۔

امریکہ صدر نے دونوں ممالک کا اہم معاملے پر توجہ دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

اسحاق ڈار نے پاک بھارت جنگ بندی کی تصدیق کر دی

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کر دی۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ جنگ کسی چیز کا حل نہیں ہوتا۔ اور ساڑھے 4 بجے پاکستان اور بھارت نے جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ ہم نے کہا سیز فائر کے لیے تیار ہیں اگر بھارت کوئی جارحیت کرے گا تو ہم جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے سیز فائر میں حصہ ڈالا ان کا مشکور ہوں۔ سارا دن سفارتی کوششیں چل رہی تھیں جس کے بعد اب سیز فائر پر اتفاق ہوا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنا بھرپور دفاع کیا اور بھارت کو ردعمل بھی باوقار انداز میں دیا۔ پاکستان نے ہمیشہ خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن کے لیے کوششیں کی ہیں۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی پر سمجھوتہ طے پا گیا، جے شنکر

بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان نے آج فائرنگ اور جوابی کارروائیوں کی روک تھام پر اتفاق کیا۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان میں فائرنگ و فوجی کارروائیاں روکنے پر اتفاق ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی پر سمجھوتہ طے پا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل اور سخت مؤقف برقرار رہے گا۔ اور دہشتگردی کسی بھی شکل میں قابل قبول نہیں۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر آمادہ ہو گئے ہیں۔ امریکہ نے دونوں ممالک سے پوری رات بات چیت کی اور اس کی ثالثی کے باعث پاکستان اور بھارت فوری اور مکمل فائر بندی پر راضی ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: آپریشن “بنیان مرصوص”: پاک افواج کا فیصلہ کن وار،بھارت کے s-400 سسٹم سمیت متعدد ایئربیسز اور ایئر فیلڈز تباہ

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے عقل کا استعمال کرتے ہوئے جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کر دی۔

مزید خبریں