مانچسٹر (روشن پاکستان نیوز) سنی رویت ہلال بورڈ یو کے نے 30 مارچ 2025 کو عید الفطر منانے والے افراد پر روزے کی قضا واجب ہونے کا اعلان کیا ہے۔ بورڈ کا اجلاس جامع مسجد انوار الحرمین چیتھم ہل مانچسٹر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مفکر اسلام حضرت مولانا علامہ قمر الزمان اعظمیٰ نے کی۔ اجلاس میں علماءکرام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں علامہ ظفر محمود فراشوی، علامہ ساجد ہاشمی برنلے، مولانا فضل قیوم مانچسٹر اور دیگر علماء شامل تھے۔
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ 30 مارچ اتوار کو عید منانے والوں پر روزے کی قضا واجب ہے، کیونکہ عید کا چاند 30 مارچ کو دیکھنے کی کوئی شرعی شہادت نہیں ملی۔ اس کے برعکس، 31 مارچ پیر کو عید منانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے مطابق عید الفطر کی تکمیل کی گئی۔ سنی رویت ہلال بورڈ یو کے کے مطابق، دنیا بھر میں کہیں بھی 30 مارچ کو چاند نظر آنے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی تھی، لہذا جو لوگ بغیر کسی شرعی شہادت کے عید مناتے ہیں، ان پر اس دن کے روزے کی قضا فرض ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی اداکار تھلاپتی وجے کی افطار پارٹی، روزہ رکھ کر باجماعت نماز میں شرکت
اجلاس میں مزید کہا گیا کہ عید الفطر کا چاند 30 مارچ کو نظر آنے کے بعد 31 مارچ کو عید منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ علماء کرام نے عوام کو اپیل کی کہ وہ ہمیشہ شرعی شہادت کی بنیاد پر عبادات اور اہم دینی معاملات میں فیصلے کریں تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا اختلافات سے بچا جا سکے۔