واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی حکومت نے غلطی سے یوکرین کے پناہ گزینوں کو ایک ای میل بھیج دی جس میں کہا گیا کہ ان کی حیثیت منسوخ کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کے شروع کردہ پروگرام کے تحت روس کے حملے کے بعد امریکہ فرار ہونے والے یوکرینی باشندوں کو حال ہی میں کہا گیا تھا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر ملک چھوڑ دیں۔
یوکرین کے لیے یونائٹنگ کہلانے والے اس پروگرام نے یوکرین کے باشندوں کو امریکی اسپانسر کی مالی مدد سے دو سال تک عارضی طور پر امریکا میں رہنے کی اجازت دی۔ تاہم، ٹرمپ انتظامیہ کے تحت حالیہ تبدیلیوں نے ان مہاجرین کے لیے غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی۔
اس حوالے سے محکمہ داخلی سلامتی کے ترجمان نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ ای میل غلطی سے بھیجی گئی اور 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد بنایا گیا یوکرینی پیرول پروگرام ختم نہیں کیا گیا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کتنے یوکرینی باشندوں کو ای میل موصول ہوئی۔
محکمہ داخلی سلامتی نے جمعہ کو ایک فالو اپ نوٹ میں انہیں مطلع کیا کہ یہ حکم غلطی سے بھیجا گیا تھا اور ”آپ کے پیرول کی اصل جاری کردہ شرائط میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔“
مزید پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ کا دنیا کے مختلف ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان
رائٹرز نے گذشتہ ماہ اطلاع دی تھی کہ ٹرمپ انتظامیہ روس کے حملے سے فرار ہونے والے تقریباً 240,000 یوکرینیوں کی عارضی قانونی حیثیت کو منسوخ کرنے کا منصوبہ بنا رہی تھی۔ صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے تحت یوکرینی باشندوں کا جو استقبال کیا گیا تھا، اس طرح کا اقدام اس کے برعکس ہو گا۔