ریاض (وقار نسیم وامق) اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کی جانب سے غیر معمولی وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن ممالک کی جانب سے عرب منصوبے کے تحت غزہ کی تعمیر نو کی حمایت کی اور فلسطینی عوام کی جبراً غزہ سے نقل مکانی کے بیانات کو مسترد کر دیا گیا۔
سعودی عرب کے شہر جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر میں تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔
اجلاس میں وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور انکی سرزمین سے الحاق اور نقل مکانی کے منصوبوں پر گفتگو کی۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں معروف سیاسی و سماجی شخصیت وسیم ساجد کی جانب سے دعوتِ افطار
اس موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ کا کہنا تھا کہ ہم عرب لیگ کی جانب سے غزہ کی تعمیر نو کرنے کے منصوبے کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطینی عوام کی جبراً نقل مکانی جیسے بیانات کو مسترد کرتے ہیں فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین ہر رہنے کا ناصرف حق ہے بلکہ ایک خود مختار ریاست کے طور پر دنیا میں اپنا کردار ادا کرنے کا بھی حق حاصل ہے اسرائیل بیت المقدس کی بےحرمتی کرنے سمیت فلسطینی نوجوانوں کی شہادت اور انکی گرفتاریوں جیسے جرائم میں شامل ہے۔