جمعرات,  17 اپریل 2025ء
نیویارک کی انتظامیہ کا روزویلٹ ہوٹل میں قائم مہاجرین مرکز بند کرنے کا فیصلہ

نیویارک (روشن پاکستان نیوز) نیویارک شہر کی انتظامیہ نے پاکستان کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل میں قائم پناہ گزینوں کا پروسیسنگ سینٹر اور رہائشی منصوبہ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میئر ایرک ایڈمز نے اس فیصلے کا اعلان کیا اور بتایا کہ روزویلٹ ہوٹل، جو تقریباً دو سال سے پناہ گزینوں کے لیے آمد کا مرکز اور امدادی مرکز کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا، آئندہ چند ماہ میں بند کر دیا جائے گا۔

ایڈمز نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا: “یہ ہوٹل پناہ گزینوں کے لیے اہم مرکز رہا ہے، لیکن اب ہمیں اس کو بند کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا ہے۔”

یہ ہوٹل نیویارک کے 50 سے زائد پناہ گاہوں میں سے ایک ہے جنہیں حالیہ مہینوں میں بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کی وجہ امریکی پناہ گزینوں کی آمد میں کمی ہے۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کے باعث پناہ گزینوں کی امریکہ آمد میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

سابق صدر ٹرمپ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد پناہ گزینوں کے لیے شیڈولنگ ایپ “سی بی پی ون” تک رسائی ختم کر دی تھی اور امریکہ-میکسیکو سرحد پر سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا تھا۔ نیویارک انتظامیہ کے مطابق، پناہ گزینوں کی آمد میں کمی کے باعث آئندہ تین سالوں میں حکومت کو پانچ ارب ڈالر سے زائد کی بچت ہو گی۔

نیویارک شہر نے 2023 میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت روزویلٹ ہوٹل کو پناہ گزینوں کے لیے رہائش فراہم کرنے کے لیے 22 کروڑ ڈالر کا تین سالہ معاہدہ کیا گیا۔ اس معاہدے کے تحت انتظامیہ نے ہوٹل کے ایک ہزار سے زائد کمروں کے لیے فی رات 202 ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

تاہم، پناہ گزینوں کی آمد میں کمی کے باعث نیویارک میں ہر ہفتے آنے والے پناہ گزینوں کی تعداد کم ہو کر 350 رہ گئی ہے، جو کبھی چار ہزار کی بلند ترین سطح تک پہنچتی تھی۔ روزویلٹ ہوٹل نے اب تک 1,73,000 سے زائد پناہ گزینوں کو رہائش فراہم کی، لیکن مزید مہاجرین کی آمد کی بھرمار سے نمٹنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: سیاسی بھرتیاں ، کرپشن اور اقرباء پروری ، پی آئی اے کا خسارہ 850 ارب روپے ہو گیا

سابق صدر ٹرمپ کی کابینہ کے رکن ویوک رام سوامی نے دسمبر 2024 میں اس فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ “پاکستانی حکومت کی ملکیت ہوٹل میں غیر قانونی پناہ گزینوں کو پناہ دینا امریکی ٹیکس دہندگان کے پیسوں کا ضیاع ہے۔”

روزویلٹ ہوٹل نیو یارک کے تاریخی ہوٹلوں میں شامل ہے اور مین ہٹن میں گرینڈ سینٹرل ٹرمینل اور پارک ایونیو کے قریب واقع ہے۔ یہ ہوٹل دسمبر 2020 میں کرونا وبا کے دوران سیاحتی صنعت کی مندی کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا، لیکن بعد میں نیویارک انتظامیہ نے اسے پناہ گزینوں کے لیے استعمال کیا۔ اب اس کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

مزید خبریں