لیڈز (صبیح ذونیر) — برطانیہ کے شہر لیڈز کے علاقے آرملے ٹاؤن میں موریسن ہال لین کے قریب سڑک پر پانی کی سپلائی لائن پھٹنے کے بعد مرمت کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ پائپ لائن پھٹنے کی وجہ سے سڑک پر گندا پانی جمع ہو گیا تھا جس سے نہ صرف پیدل چلنے والوں کو پریشانی کا سامنا تھا بلکہ موریسنز کے قریب واقع ایک اسکول کے طلباء بھی اس راستے سے گزرنے پر مجبور تھے۔
یہ گندا پانی اکثر بچوں کے یونیفارمز کو خراب کر دیتا تھا، جس سے شہریوں میں تشویش پائی جاتی تھی۔ تاہم، شہریوں نے سٹی کاؤنسل لیڈز کی طرف سے وعدہ کیا گیا تھا کہ اس مسئلے کو جلد حل کیا جائے گا اور یارکشائر واٹر نے جمعہ سے پہلے ہی مرمتی کام شروع کر دیا۔
سپلائی لائن کی مرمت کا ٹھیکہ نکولسن کمپنی کو دیا گیا، جنہوں نے اپنے ماہر انجینئرز کی مدد سے اس مسئلے پر فوری طور پر کام شروع کر دیا اور سپلائی لائن کی مرمت میں مہارت کا مظاہرہ کیا۔
مزید پڑھیں: لیڈز: موریسنز کے سٹور کے سامنے سیوریج پائپ لائن پھٹنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا
یہ واقعہ برطانیہ کے منظم اور ترقی یافتہ طریقہ کار کو ظاہر کرتا ہے جہاں ہر کام ایک نظام کے تحت ہوتا ہے اور شہریوں کی شکایات پر فوراً کارروائی کی جاتی ہے۔ سٹی کاؤنسل لیڈز کی جانب سے اس وعدے کو پورا کرنے پر مقامی عوام نے ان کا شکریہ ادا کیا اور مرمت کے کام کی جلد تکمیل کی امید ظاہر کی۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں عوام اپنے ٹیکسز کے ذریعے شہر وں کے مختلف مرمتی کاموں کی فنڈنگ کرتے ہیں، اور اس طرح کے اقدامات سے شہریوں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔