اتوار,  19 جنوری 2025ء
غزہ کی تباہی کے ذمہ دار اسرائیلی وزرا نے استعفے دے دیے

تل ابیب (روشن پاکستان نیوز)  غزہ کی تباہی کے لیے وزیر اعظم نیتن یاہو پر دباؤ ڈالنے والے اسرائیل کے 3 انتہا پسند وزرا نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر استعفے دے دیے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گویر نے استعفیٰ جمع کرا دیا ہے، بین گویر نے غزہ جنگ بندی معاہدے کی مخالفت میں استعفیٰ پیش کیا۔

اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر بین گویر کے ساتھ ساتھ ان کی قوم پرست مذہبی جماعت کے 2 دیگر وزرا نے جنگ بندی معاہدے پر نیتن یاہو کی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

تاہم حیران کن امر یہ ہے کہ نیشنل یونین پارٹی کے انتہاپسند وزیر خزانہ بیزلیل سموٹرچ نے حکومت نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بین گویر کی پارٹی ’اوٹزما یہودیت‘ اب حکمران اتحاد کا حصہ نہیں رہی ہے، تاہم اس نے کہا ہے کہ وہ حکومت گرانے کی کوشش نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ بین گویر اور بیزلیل سموٹرچ ہمیشہ غزہ جنگ بندی کے مخالف رہے ہیں، غزہ کو مکمل طور پر تباہ کیے جانے کے بعد بھی ان کا خیال ہے کہ جنگ کے مقاصد پورے نہیں ہوئے، الجزیرہ کے مطابق یہ وہ لوگ ہیں جن کا نظریہ ہے کہ غزہ پر دوبارہ قبضہ، اسرائیلیوں کی آباد کاری اور مقبوضہ مغربی کنارے کا الحاق ہو۔

الجزیرہ کے مطابق ان دونوں انتہاپسند صہیونی وزرا کے دباؤ کی وجہ سے نیتن یاہو نے پچھلے 15 مہینوں سے غزہ جنگ بندی معاہدے کو پیچھے دھکیلا ہے، یہ دونوں شروع ہی سے مستعفی ہونے کی دھمکیاں دیتے آ رہے ہیں۔ اب بین گویر نے کہا ہے کہ اگر پہلے مرحلے کے بعد جنگ میں اسرائیل کی واپسی ہوئی تو وہ دوبارہ حکومتی اتحاد میں شامل ہو جائیں گے۔

مزید خبریں