لیڈز(روشن پاکستان نیوز) لیڈز کے علاقے آرملے میں واقع مشہور سپرمارکیٹ چین فارم فوڈ لمیٹڈ کے ایک سٹور میں عملے کے غیر اخلاقی رویے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سٹور کا عملہ ایک خاتون کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آ رہا ہے اور ان کے ہمراہ موجود کم سن بچی کو دھکے دیکر سٹور سے باہر نکال رہا ہے۔
ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے فارم فوڈ لمیٹڈ کے عملے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ رویہ نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
خاتون کے مطابق، وہ اپنی بیٹی کے ساتھ سٹور میں خریداری کے لیے موجود تھیں جب اچانک عملے نے ان کے ساتھ بدتمیزی شروع کر دی اور انہیں سٹور سے باہر نکال دیا۔ واقعے کے دوران عملے نے نہ تو کسی مسئلے کی وضاحت دی اور نہ ہی کوئی معقول وجہ بتائی۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے فارم فوڈ لمیٹڈ کے اس رویے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کمپنی فوری طور پر اس واقعے کی تحقیقات کرے اور ملوث عملے کے خلاف کارروائی کرے۔
کئی صارفین نے فارم فوڈ لمیٹڈ کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک کمپنی عوامی معافی نہیں مانگتی اور عملے کی تربیت کو بہتر نہیں بناتی، وہ اس سے خریداری نہیں کریں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی نژاد برطانوی حاجیوں کیلئے بغیر پیشگی بکنگ کے پاسپورٹ اپلائی کرنے کی سہولت متعارف
فارم فوڈ لمیٹڈ کی انتظامیہ نے تاحال اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ صارفین مطالبہ کر رہے ہیں کہ کمپنی فوری طور پر اس واقعے کی وضاحت کرے اور متاثرہ خاتون اور بچی سے معافی مانگے۔
یہ واقعہ سوالات اٹھاتا ہے کہ کس طرح بڑے کاروباری ادارے اپنے عملے کی تربیت اور کسٹمر سروس کے معیار کو بہتر بنا سکتے ہیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔