ماسکو(روشن پاکستان نیوز)روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے اس سال نومبر میں ہونے والے امریکی انتخابات سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں جوبائیڈن کو بطور صدر ترجیح دی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں روسی صدر نے موجودہ امریکی صدر جوبائیڈن کو زیادہ تجربے کار قرار دیا۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ جوبائیڈن کی قیادت روس کے لیے بہتر ہوگی کیونکہ وہ زیادہ تجربے کار شخص ہیں اور وہ پرانی طرز کے سیاست دان ہیں۔
انٹرویو کے دوران روسی صدر نے امریکی صدر جوبائیڈن کی عمر اور دماغی صحت کے بارے میں سوالات پر کہا کہ جب وہ آخری بار 2021 میں جوبائیڈن سے ملے تھے تو ایسی کوئی خاص چیز نہیں دیکھی تھی۔
روسی صدر نے کہا کہ اس وقت بھی 3 سال پہلے لوگ کہہ رہے تھے کہ جوبائیڈن نااہل ہیں لیکن میں نے اس قسم کی کوئی چیز نہیں دیکھی تھی۔
روسی صدر نے انٹرویو میں واضح کیا کہ روس ہر اس شخص کے ساتھ کام کرے گا جو امریکی عوام کا اعتماد حاصل کرے گا اور صدر بنے گا۔
امریکی صدر جوبائیڈن کافی وقت سے روسی صدر پر تنقید کر رہے ہیں اور یوکرین جنگ کے حوالے سے انہوں نے روسی صدر کو قاتل بھی کہا تھا۔