ایران(روشن پاکستان نیوز) 13 جنوری کو فرانس، برطانیہ اور جرمنی کیساتھ جوہری پروگرام پر مذاکرات کرے گا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی طاقتوں کیساتھ مذاکرات کا اگلا دور نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری سے پہلے ہو رہا ہے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران اور یورپی طاقتوں میں جوہری پروگرام پر مذاکرات جنیوا میں ہوں گے۔ ایران نے نومبر میں جوہری پروگرام پر 3 یورپی طاقتوں کیساتھ بات چیت کی تھی۔
یہ بات چیت امریکا میں صدارتی انتخابات کے بعد پہلی بار اور تہران کے یورپ کی حمایت یافتہ قرارداد سے ناراض ہونے کے بعد ہوئی تھی جس میں ایران پر اقوام متحدہ کے جوہری نگراں ادارے کے ساتھ ناقص تعاون کا الزام لگایا گیا تھا۔
تہران نے آئی اے ای اے کے نگران ادارے کو مطلع کرتے ہوئے قرارداد پر ردعمل ظاہر کیا کہ وہ اپنے افزودگی پلانٹس میں مزید یورینیم افزودہ کرنے والے سینٹری فیوجز نصب کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
17 دسمبر کو، تین یورپی ممالک نے ایران پر الزام لگایا کہ اس نے اعلیٰ افزودہ یورینیم کے اپنے ذخیرے کو “بے مثال سطح” تک بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے ایران کے خلاف پابندیاں بحال کرنے کا امکان بھی اٹھایا ہے تاکہ اسے اپنے جوہری پروگرام کو ترقی دینے سے روکا جا سکے۔