اتوار,  22 دسمبر 2024ء
ترک وزیر خارجہ کا شام کا دورہ، محمد الشرع سے ملاقات کی

دمشق (روشن پاکستان نیوز)ترک وزیر خارجہ حقان فیدان نے شام کے نئے رہنما احمد الشرع  المعروف ابو محمد الجولانی سے دمشق میں ملاقات کی ہے۔

ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دونوں رہنماؤں کو ایک دوسرے سے مصافحہ کرتے اور بغل گیر ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ وہ دمشق کا دورہ کرنے اور شام کے نئے رہنماؤں سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں؛ اسد حکومت کا تختہ الٹنے والے ابو محمد الجولانی عراق میں بھی لڑے ، 5 سال امریکی قید میں رہے

ترک وزیر خارجہ کا دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب شمال مشرقی شام میں ترک حمایت یافتہ شامی جنگجوؤں اور کرد ملیشیا کے درمیان لڑائی جاری ہے۔

اس سے قبل ترک وزیر دفاع نے کہا تھا کہ ترکیہ کو یقین ہے کہ شام کی نئی قیادت جس میں ترک حمایت یافتہ گروہ بھی شامل ہے، کرد جنگجوؤں کو شمال مشرقی شام کے ان تمام علاقوں سے نکال دے گی جن پر انہوں نے قبضہ کر رکھا ہے۔

خیال رہے کہ ترک انٹیلیجنس سربراہ ابراہیم قالن نے بھی بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے چند دن بعد 12 دسمبر کو دمشق کا دورہ کیا تھا۔

مزید خبریں