هفته,  21 دسمبر 2024ء
انڈیا کشتی حادثہ: بچ جانیوالے مسافر کا بحریہ کشتی کے کیپٹن پر کرتب دکھانے کا الزام

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جب بھارتی بحریہ کی ایک تیز رفتار کشتی ممبئی کے ساحل کے قریب ایک مسافر فیری سے ٹکرا گئی، حادثے میں 13 افراد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 10 عام شہری اور بحریہ کے تین اہلکار شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق حادثہ بدھ کو اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کشتی بے قابو ہو کر فیری سے ٹکرا گئی۔

مزید پڑھیں ؛ لاہور: عمران خان کو بذریعہ ویڈیولنک عدالت میں پیش کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ریاستی حکام نے بتایا کہ کم از کم دو مسافر اب بھی لاپتہ ہیں۔ بچائے گئے افراد میں سے چار کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 97 کی حالت سنبھل چکی ہے۔

جو ویڈیو ایک مسافر کی طرف سے ریکارڈ کی گئی اس کا نام ناتھارام چودھری بتایا گیا۔ اس نے بتایا کہ تیز رفتار کشتی فیری سے دور سمندر میں ادھر سے اُدھر جا رہی تھی۔

پھر کشتی ایک تیز موڑ لیتے ہوئے فیری کی طرف بڑھی اور اپنا توازن کھو بیٹھی اور اس سے جا ٹکرائی۔ ٹکراؤ کے وقت مسافروں کی شدید چیخ و پکار سنی گئی۔

جب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو لوگوں نے سوال اٹھائے کہ کشتی فیری کے قریب کیوں آئی؟

ممبئی کے قریب نالا سوپارا کے ایک شخص نے، جو اپنے دو رشتہ داروں کے ساتھ فیری پر ایک خوش گوار سفر کے لیے آئے تھے، کہا کہ اس حادثے میں اس کی 55 سالہ آنٹی جان سے گئیں۔

انہوں نے مقامی براڈکاسٹر مرر ناؤ کو بتایا کہ بحریہ کی کشتی کا کیپٹن فیری کے سامنے آکر ہمیں اپنے کرتب دکھانے کی کوشش کر رہا تھا، فیری کو سفر شروع کیے ابھی 30 سے 40 منٹ ہی گزرے تھے جب ایک تیز رفتار کشتی فاصلے پر چکر لگا رہی تھی۔

اس نے بتایا کہ پہلے چکر میں کچھ نہیں ہوا، لیکن جب اس نے ہمیں متاثر کرنے کے لیے اپنے کرتب دکھانے کی کوشش کی وہ ہم سے ٹکرا گئی اور کشتی پر موجود کچھ لوگ فیری میں آ گرے۔

ویڈیو بنانے والے ناتھارام چودھری نے بعد میں اس حادثے کے ذمہ دار کشتی کے کیپٹن اور دیگر بحریہ کے اہلکاروں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی۔

بحریہ کے بیان کے مطابق کشتی کا انجن فیل ہو گیا تھا اور وہ ٹیسٹ رائیڈ کے دوران بے قابو ہو گئی تھی۔ بحریہ نے کہا کہ اس نے حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

مزید خبریں