هفته,  16 نومبر 2024ء
ایران اور روس نے عالمی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بینک کارڈ سسٹم کو جوڑ دیا

تہران(روشن پاکستان نیوز) ایران اور روس نے عالمی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے بینک کارڈ سسٹم کو جوڑ دیا ہے۔

یہ بات ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اپنی رپورٹ میں کہی،رپورٹ کے مطابق ایرانی بینک کارڈ اب روس میں استعمال کیے جاسکتے ہیں، کیونکہ دونوں ممالک نے پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تازہ ترین اقدام میں اپنے بینکنگ سسٹم کو جوڑ دیا ہے۔

ایرانی بینکوں کو 2018 میں سوئفٹ بین الاقوامی مالیاتی پیغام رسانی کی سروس سے خارج کر دیا گیا تھا، جو دنیا بھر میں زیادہ تر لین دین کو کنٹرول کرتی ہے۔یہ اقدام ان پابندیوں کا حصہ تھا جو 2015 کے تاریخی جوہری معاہدے سے امریکا کی دستبرداری کے بعد ایران پر دوبارہ عائد کی گئی تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ایرانی بینک کارڈز اب روس میں استعمال کیے جاسکیں گے، ساتھ میں روس میں ایک اے ٹی ایم سے ایرانی بینک کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے رقم نکالتے ہوئے دکھایا گیا۔

چینل نے کہا کہ یہ آپریشن ایران کے انٹربینک نیٹ ورک شیتاب کو اس کے روسی مساوی میر سے جوڑنے سے ممکن ہوا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایرانی، فی الحال روس میں پیسے نکال سکتے ہیں اور مستقبل میں اپنے کارڈز کو اسٹورز میں خریداری کے لیے بھی استعمال کر سکیں گے۔

مزید پڑھیں: ایران ، اسرائیلی جاسوس اور جوہری سائنسدان کے قتل میں ملوث 3 کو سزائےموت

رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ منصوبہ دیگر ممالک میں بھی لاگو کیا جائے گا جو ایران کے ساتھ وسیع پیمانے پر مالی اور سماجی روابط رکھتے ہیں، مثال کے طور پر عراق، افغانستان اور ترکیہ۔ایران اور روس دونوں نے اپنی معیشتوں پر پابندیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ واضح رہے کہ سوئفٹ سے 2022 سے اہم روسی بینکوں کو بھی خارج کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں