جمعه,  01 نومبر 2024ء
ایران اسرائیل پر جوابی حملہ کب کریگا؟ امریکی میڈیا کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر 5 نومبر کو امریکی انتخابات سے قبل اسرائیل پر جوابی حملہ کرے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کا ردِعمل حتمی اور تکلیف دہ ہو گا۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اسرائیلی حملے کا جواب نہیں دینا چاہیے۔ اگر ایران جواب دینے کا انتخاب کرتا ہے، تو امریکا اسرائیل کے دفاع کے لیے موجود ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے یکم اکتوبر کو ایرانی حملے کے جواب میں 26 اکتوبر کو ایران پر اٹیک کیا تھا، ایران نے اسرائیل کے فوجی اہداف پر حملوں میں 2 فوجی اہلکاروں کی شہادت کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب لبنان میں اسرائیلی فوج کو بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا سامنا ہے، ایسے میں اسرائیل نے حزب اللہ سے جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔

اسرائیلی سرکاری میڈیا نے جنگ بندی تجویز کا مسودہ بھی نشر کردیا ہے، مسودے میں اسرائیل اور لبنان سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 60 روزہ سیز فائر کے دوران مکمل عمل درآمد کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اسرائیلی افواج کے انخلا کے وقت لبنانی افواج کی تعیناتی فوری طور پر شروع کردی جائے گی، جبکہ اسرائیل جنگ بندی کے 7 دن کے اندر لبنان سے اپنی فوج نکال لے گا۔

مزید پڑھیں: ایرانی بارڈرگارڈزکی فائرنگ سے 250 افغان باشندے ہلاک

مزید خبریں