چدہ(محمد عدیل)جدہ قومی یکجہتی فورم کے سربراہ اور کشمیر کمیٹی کے سینئر رکن، سردار محمد اقبال، جو گزشتہ چند دنوں سےعارضہ قلب کی تکلیف کے باعث ہسپتال داخل تھے، الحمدللہ ہسپتال سے فارغ ہو کر اپنے گھر واپس آ چکے ہیں۔ ان کی صحت میں بہتری آئی ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، جس پر ان کے اہل خانہ اور دوست احباب نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
سردار محمد اقبال کی صحتیابی کی خبر کے بعد جدہ کی صحافی برادری نے ان کی عیادت کے لیے ان کے گھر کا دورہ کیا۔ صحافیوں نے ان سے ملاقات کی اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے، جو ان کی جلد صحتیابی کی دعا اور محبت کا اظہار تھا۔ اس موقع پر صحافیوں نے ان کی صحت کے حوالے سے تفصیلی خیریت دریافت کی۔
سردار محمد اقبال نے صحافی برادری کے اس اقدام پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی محبت اور حمایت ان کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا اور قوم کو متحد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جسے وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: علی امین گنڈاپور کے بیان پر صحافی برادری برہم، بیرسٹر گوہر نےمعافی مانگ لی
اس موقع پر جدہ قومی یکجہتی فورم کے دیگر ممبران اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی سردار محمد اقبال کی صحتیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سردار محمد اقبال نے اس موقع پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ جلد ہی اپنے عوامی اور قومی خدمات دوبارہ شروع کریں گے۔