لندن (صبیح ذونیر) برطانیہ یوکرین کو فوری دفاعی امداد میں650میزائلوں کا پیکیج بھیجے گا۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ روس کے خلاف ملک کے دفاع کے لئے162ملین پونڈز کے وعدے کے مطابق یوکرین کو650میزائل بھیجے گا، توقع ہے کہ جان ہیلی اس کا اعلان جرمنی کے دورے میں کریں گے۔ وزیر دفاع کیف کی جنگی کوششوں کے لئے برطانیہ کے تازہ ترین عزم کا اعلان ایک دفاعی سربراہی اجلاس میں یورپ بھر کے ساتھی وزراء سے ملاقات کے موقع پر کریں گے۔ یوکرین کے دفاعی رابطہ گروپ کا اجلاس جرمنی کے شہر رامسٹین میں امریکی فضائیہ کے اڈے پر ہوگا۔ مسٹر ہیلی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی جنگ زدہ قوم کے لئے نئی برطانوی حکومت کے عزم کی توثیق کرنے کے لئے گروپ کے تازہ ترین اجلاس میں وزیر دفاع کے طور پر پہلی بار شرکت کریں گے۔ مسٹر ہیلی نے سربراہی اجلاس سے قبل کہا کہ یہ نیا عہد یوکرین کے فضائی دفاع کو ایک اہم قوت فراہم کرے گا اور یوکرین کے لئے حمایت بڑھانے کیلئے ہماری نئی حکومت کے عزم کا اظہار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں ہم نے پولٹاوا اور لیویو پر روس کے اندھا دھند حملوں کا المناک نقصان دیکھا ہے۔ برطانیہ کے بنائے گئے یہ نئے میزائل یوکرین کو پیوٹن کے وحشیانہ حملوں سے اپنے لوگوں، بنیادی ڈھانچے اور علاقے کے دفاع کے لئے سپورٹ کریں گے۔ اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ ہم یہ ظاہر کریں گے کہ ہم یوکرین کے لئے متحد ہیں اور ہم اس بات پر تبادلہ خیال کریں گے کہ سپورٹ کو بہتر بنانے کے لئے ہم مل کر کیسے بہترین کام کر سکتے ہیں کیونکہ برطانیہ اور یورپ کی سلامتی یوکرین سے شروع ہوتی ہے۔ 650 لائٹ ویٹ ملٹی رول میزائل (ایل ایل ایم) سسٹم یوکرین کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد کریں گے کیونکہ یہ روسی حملے کے خلاف دفاع جاری رکھے ہوئے ہے اور توقع ہے کہ سال کے آخر تک اس کی فراہمی متوقع ہے۔ برطانیہ ماضی میں یوکرین کو سیکڑوں ایل ایل ایم دے چکا ہے اور تازہ ترین آرڈر جنگی کوششوں کی مدد میں یورپی دفاعی پیداوار کو بڑھانے کی کوشش کا پہلا حصہ ہونے کی توقع ہے۔ اس پیکیج کو بنیادی طور پر یوکرین کے لئے برطانیہ کے تازہ ترین 3 بلین پونڈز سالانہ پیکیج کے ذریعے مالی اعانت فراہم کی گئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ ناروے اور دیگر ممالک کا تعاون بھی شامل ہے۔
مزید پڑھیں: برطانیہ: جانوروں کو بے ہوش کرنیوالی دوا نشہ کیلئے استعمال ہونے پر پابندی کا اعلان