تہران(روشن پاکستان نیوز) ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کانی نے اسماعیل ہنیہ شھادت پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا وزرائے خارجہ اجلاس طلب کرنے کی درخواست کردی۔
علی باقری نے قطر، سعودی عرب، ترکی، مصر، عمان، اردن، روس اور الجزائر کے وزرائے خارجہ کو فون کرکے معاملے پر بات چیت کی۔
انہوں نے اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے کی اسرائیلی دہشت گردانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس حملے کا جواب دینے کا قانونی حق رکھتا ہے۔ انہوں نے غاصب اسرائیلی حکومت کو اپنے وحشیانہ اقدامات کے نتائج سے خبردار بھی کیا۔
ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ نے کہا کہ صیہونی حکومت کے اس بزدلانہ اور دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اور صہیونی ریاست کو اس کے جرائم پر جوابدہ بنانے کیلئے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ہے۔ رکن ممالک نے اس درخواست کا خیر مقدم کیا ہے۔