هفته,  27 جولائی 2024ء
شام اور عراق میں امریکی فضائی حملے ،16افراد ہلاک

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ویب ڈیسک :شام اور عراق میں امریکی فضائی حملوں میں کم از کم 16معصوم شہری ہلاک ہوگئے ۔

تفصیلا ت کےمطابق گذشتہ اتوار اردن میں اپنے فوجی اڈے پر حملے کے جواب میں امریکہ نے شام اور عراق میں 85 اہداف پر فضائی کارروائیاں کی ہیں۔ امریکی حملوں میں 16 معصوم شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی حملوں میں عراق اور شام میں ایرانی حمایت یافتہ گروہوں کو نشانہ بنایا ہے۔ عراق کا کہنا ہے کہ امریکی فضائی حملوں کے خطے کے لیے تباہ کن نتائج ہوں گے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ہمارا جواب آج شروع ہوگا۔ یہ جواب ہمارے چُنے ہوئے وقت اور مقامات پر دیا جائے گا۔‘

خیال رہے کہ وائٹ ہاؤس نے اس ڈرون حملے کا الزام ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں پر عائد کیا تھا جس میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔

دوسری طرف ایران نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ جنگ ​​نہیں چاہتا لیکن ساتھ ہی اس نے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر یا مشرق وسطیٰ میں ایرانی مفادات کے خلاف کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دے گا۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے جمعے کے روز اس موقف پر تاکید کی۔ انھوں نے کہا کہ ’ہم کوئی جنگ شروع نہیں کریں گے، لیکن اگر کوئی ملک یا ظالم طاقت جارحیت کی کوشش کرے گی تو ایران بھرپور جواب دے گا۔ایرانی صدر کا بیان ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا کہ امریکہ شام اور عراق میں ایرانی اہداف پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News