لندن (صبیح ذونیر) لوٹن ساؤتھ اور ساؤتھ بیڈفورڈشائر کی پارلیمانی نشست کے لئے سات امیدواروں نے اپنی امیدواری کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ نشست اس وقت لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ اور سابقہ بوررو کونسلر ریچل ہاپکنز کے پاس ہے، جو 4 جولائی کو اس نشست کا دفاع کریں گی۔
ڈاکٹر یاسین رحمان تازہ ترین امیدواروں میں شامل ہیں، جو ورکرز پارٹی جی بی کی جانب سے نامزد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا، “میں سیاست میں اس لئے ہوں تاکہ لوٹن ساؤتھ اور ساؤتھ بیڈفورڈشائر کے مقامی لوگوں اور ہمارے ملک کی خدمت کر سکوں۔ میں ورکرز پارٹی جی بی کی جانب سے کھڑا ہو رہا ہوں تاکہ برطانوی ورکنگ کلاس کی آواز بن سکوں، اور مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر ان کے مسائل کی نمائندگی کر سکوں۔
“انہوں نے مزید کہا، “برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی اور لیبر پارٹی کو غزہ میں جاری نسل کشی کی جنگ میں ملوث ہونے پر کبھی معاف نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے اسرائیل کی نسل کشی کی حمایت بلاجواز کی ہے۔ ہمیں فوری طور پر ریاست فلسطین کو تسلیم کرنا چاہئے۔ بحیثیت ملک، ہمارے پاس فلسطینی عوام کی حمایت کرنے اور بے گناہ اور نہتے لوگوں کے خلاف جنگ کو فوری طور پر ختم کرنے کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں: برطانیہ کے انتخابات ، سیاسی جماعتوں کی الیکشن مہم میں تیزی، کس سیاسی جماعت کی پوزیشن مظبوط؟ جانئے
“ڈاکٹر یاسین رحمان نے مزید کہا، “برطانوی ورکنگ کلاس کو سیاسی اشرافیہ نے سالوں سے نظرانداز کیا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ دو جماعتی نظام کو بدلا جائے۔ صرف ورکرز پارٹی ہی برطانوی ورکنگ کلاس کے حقوق کے لئے کھڑی ہوگی اور ہماری یونین کے مستقبل کو بچائے گی۔”دیگر امیدواروں میں گرین پارٹی کے ایڈورڈ کارپینٹر، لبرل ڈیموکریٹ ڈومینک گریفتھس، ریفارم یو کے کے نارمن میکلین، آزاد امیدوار عتیق احمد ملک، اور کنزرویٹو پارٹی کے نمائندے اور سینٹرل بیڈفورڈشائر کے کونسلر مارک ورسیلیون شامل ہیں۔