هفته,  27 جولائی 2024ء
ڈاکٹر یاسین رحمان ورکرز پارٹی کے لوٹن ساؤتھ پارلیمانی امیدوار نامزد

لوٹن(روشن پاکستان نیوز)ورکرزپارٹی کے سربراہ جارج گیلوے نے ڈاکٹر یاسین رحمان کو ورکرز پارٹی گریٹ بریٹن کا لوٹن ساؤتھ 4جولائی کے پارلیمانی انتخابات کے لیے امیدوار بنانے کا اعلان کر دیا۔

ڈاکٹر یاسین رحمان آکسفورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی ہیں آزاد کشمیر کے علاقہ جونہ چڑھوئی کوٹلی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں ملازمتیں بھی کیں اور ذاتی کاروباری ادارے چلانے کے علاوہ انہوں نے سیاسی عمل میں متحرک رول بھی ادا کیا ہے۔

برطانیہ کی مقامی گورنمنٹ اور قومی سیاست دونوں میں عملی شرکت کا تجربہ رکھتے ہیں۔

ایک ملاقات میں انہوں نے ملک و عوام کی بھرپور خدمت کرنے کے عزم کااظہارکرتے ہوئےبتایا کہ وہ زمانہ طالب علمی سے ہی قومی اور بین الاقوامی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کرتے چلے آ رہے ہیں حالیہ عرصے میں فلسطینی عوام کے ساتھ جو سانحات پیش آئے ہیں ان پر برطانیہ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کنزرویٹو پارٹی اور لیبر پارٹی نے انسانی حقوق سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو سخت مایوس کیا جبکہ جارج گیلووے کا ٹریک ریکارڈ ہے کہ چاہے کشمیر کا مسئلہ ہو یا فلسطین یا پھر عراق انہوں نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہ کر مظلوم عوام کے حقوق کی سربلندی کی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ برطانیہ کے قومی اور ملکی مسائل پر بھی دونوں بڑی جماعتیں عوام کی اکثریت کو ڈلیور کرنے میں ناکام رہی ہیں آج کے برطانیہ میں ایک پڑھے لکھے باروز گار نوجوان کو بھی اپنا گھر خریدنا بہت مشکل بنا دیا گیا ہے، ہاؤسنگ کا بہت بڑا بحران ہے، اسی طرح کئی طرح کے مسائل ہیں جن پر ورکرز پارٹی آواز بلند کر رہی ہے اور وہ اس جماعت کے پلیٹ فارم سے قومی سطح پر ج جارج گیلووے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی کشمیری اور مسلمان پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کو پارلیمنٹ میں نمائندگی بڑھانے کی بھی اشد ضرورت ہے۔علاوہ ازیں ڈاکٹر یاسین رحمان نے ملاقات کرنے اور ورکر پارٹی کا ٹکٹ ملنے پر مبارکباد دینے والے عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ورکرزپارٹی کی طرف سے لوٹن ساؤتھ حلقہ کے لیے  پی پی سی کے طور پر منتخب ہونے پر فخر اور خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 4 جولائی کو اپنے آپ کو نسل کشی کی حمایت کرنے والی جماعتوں لیبر پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی سےالگ کریں اور انہیں ووٹ دیں جو لوٹن ساؤتھ میں واحد قابل اعتبار انتخاب ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کا مستقبل بچانے کے لیے ہم سب لوگوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خاموش نہیں رہنا چاہیے اور ورکرز پارٹی کو ووٹ دیں تاکہ یہ پارٹی برطانیہ کی پارلیمنٹ میں آپ کے خیالات کی بہتر ترجمانی کر سکے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News