اتوار,  20 اپریل 2025ء
ریاست28مئی کے دن کو منانے میں قومی طور پر وسعت قلبی کا مظاہرہ کرے،بیرسٹر امجد ملک

مانچسٹر(روشن پاکستان نیوز)مسلم لیگ ن کے چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک سے

ماہر قانون مدثر اسحق کنگ کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی ۔

وفد میں سالیسٹر مقبول ملک ، خالق دتیوال، صفدر حسین ، افضال حسین اور فیصل گورسی شامل تھے۔

ملاقات میں گجرات سے تعلق رکھنے والے ممبر اوورسیز پاکستانی ایڈوائزری کونسل نعیم الرحمن مرزا بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

بیرسٹر امجد ملک نے ملاقات میں وفد کو یوم تکبیر کی مبارکباد دی اور کہا پاکستان اقتصادی بحران اور بدانتظامی کا شکار رہا ہے۔ ایسی سوچ ضرور ہونی چاہیے جس سے جمہوریت کی طرف پیش قدمی ، انتظامی بہتری ، سستا اور تیز انصاف اور ٹیکس اور زکات کا بہترین نظام پاکستان میں مضبوط ہو اور قوم اپنے اخراجات کو اپنی آمدن کے مطابق ڈھال سکے ۔

انہوں نے کہاکہ ریاست28مئی کے دن کو منانے میں قومی طور پر وسعت قلبی کا مظاہرہ کرے۔ یہ طاقت نواز شریف اکیلے کی نہیں عوام کی ہے۔آپ سبکو یوم تکبیر مبارک ہو۔

بیرسٹر امجد ملک نے اوورسیز وفد سے گفتگومیں مزید کہا کہ مسلم لیگ( ن) تارکین وطن کو مایوس نہیں کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) کام کرنے پر یقین رکھتی ہے ہم پراپیگینڈا پر یقین نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ سولہ رکنی اقدامات کا پیکج اور اقدامات انکی پارٹی کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہوں گے ۔ ان میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مخصوص نشستیں ،ون ونڈو سرمایہ کاری کی سہولت، مخصوص امیگریشن کاؤنٹرز،خصوصی عدالتیں اور کمرشل کاؤنٹرز، پبلک سیکٹر ہاوسنگ اسکیموں میں دس فیصد کوٹہ اور پانچ فیصد مالیاتی رعائت،خصوصی قومی بچت اسکیم،آن لائن بائیو میٹرک تصدیق، کاروباری منصوبوں اور سٹارٹ اپ کیلئے سہولت کاری، تمام صوبوں میں اوورسیز کمیشن کا قیام، وطن واپسی پر خوش آمدید اور مکمل سہولیات ، جائیداد سے متعلق تنازعات کا حل، تنازعات کے متبادل حل کیلئے طریقہ کار، زیادہ ترسیلات بھییجنے والوں کی ستائش اور انعام و کرام، دستاویزات کی آن لائن تصدیق، پاسپورٹ اور نادرا کی آن لائن سہولت، اور تارکین وطن پر مشتمل ایڈوائزری کونسلز کا قیام ان نکات میں شامل ہیں جن پر نئی حکومت میں خصوصی غور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تھنک ٹینک کے قیام میں تارکین وطن کی آراء اور اپنے سفارت خانوں کے ساتھ ملکر نام ترتیب دئے جائیں گے۔

اس موقع پر بیرسٹر مدثر اسحق نے کہا کہ بیرسٹر امجد نے تارکین وطن کیلئے پاکستان میں دروازے کھولنے کیلئے اوورسیز کمیشن کی بنیاد رکھی،اب بھی وقت ہے کہ وہ پاکستان آکر اپنا کردار ادا کریں اوورسیز کمیونٹی حق نمائندگی کی متلاشی ہے۔

کمیونیٹی رہنما صفدر حسین نے کہا کہ بیرسٹر امجد ملک نے وعدہ کیا ہے کہ وہ پی آئی اے ڈائریکٹ فلائٹ سمیت اوورسیز کے مسائل کو وزیراعظم کیساتھ اٹھائیں گے۔

بولٹن سے تعلق رکھنے والے اوورسیز کمیونیٹی رہنما خالق دتیوال نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان میں پچیس بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرتے ہیں پاکستانیوں کو پاکستان میں مزید اہمیت دینے کی ضرورت ہے اور پارلیمان میں سیٹوں کےذریعے انکا کردار متعین کرنے کی اشد ضرورت ہے اور یہی ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے۔

سالیسٹر مقبول احمد ملک نے کہاکہ ہم اور ہمارے جیسے پروفیشنل اور ہماری نوجوان نسل اپنی تعلیم اور تجربہ پاکستان کے حوالے کرنا چاہتی ہے اورکچھ دینا چاہتی ہے اور ہماری آوازیں معدوم نہیں ہونی چاہئیں۔ ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور ہماری نمایندگی ہم میں سے ہونی چاہیے۔

بیرسٹر امجد ملک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیااور یہ وعدہ کیا کہ وہ انکی آواز اہل اقتدار تک پہنچائیں گے اور وفد کی  تواضع کی اور مہمانوں کو اپنی کتاب “پاکستان کا سفر “ پیش کی۔

مزید خبریں