منگل,  10  ستمبر 2024ء
امریکا نے غزہ پٹی میں علاقائی تبدیلیوں کی مخالفت کردی

واشنگٹن (روشن پاکستان نیوز)امریکا نے غزہ پٹی میں علاقائی تبدیلیوں کی مخالفت کردی ہے، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے غزہ کی مستقل حیثیت بہت واضح ہے اسرائیل کی غزہ کے اندر بفرزون بنانے کی تجویز قابل قبول نہیں۔

امریکی وزیرخارجہ نے نائیجریا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو سات اکتوبر جیسا حملہ دوبارہ ہونے سے روکنے کا حق حاصل ہے، اسرائیل لوگوں کو یقین دلائے کہ ایسے حملے روکے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم غزہ سے نقل مکانی کرنے والوں کی اپنے گھروں کو واپسی کی حمایت کرتے ہیں، غزہ کی مستقل حیثیت بہت واضح ہیں۔

رہائی کے بدلے غزہ میں جنگ بندی کی حمایت
امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے بات چیت جاری ہے، امریکی عہدیدار معاہدے پر گفتگو کے لیے مشرق وسطیٰ میں موجود ہیں۔

جان کربی نے کہا کہ یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں جنگ بندی کی حمایت کریں گے۔

غزہ میں تباہی کی مثال نہیں ملتی
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ ہم قیدیوں کی رہائی کے لیے کوششں جاری رکھیں گے۔

انتونیو گوتریس نے غزہ میں انسانی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 100 دن غزہ کے شہریوں کے لیے تباہ کن رہے ہیں، خان یونس میں اسرائیلی حملوں سے بہت جانی نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں تباہی کی مثال نہیں ملتی،غزہ میں اقوام متحدہ کے 153ساتھی مارے گئے ہیں۔

امریکی صدر کی تقریر محال
فلسطین کے حامیوں نے امریکا کے صدر جوبائیڈن کے لیے تقریر کرنا مشکل کردیا، صدر بائیڈن انتخابی مہم کے سلسلے میں ورجینیا میں تقریر کر رہے تھے۔

تقریر کے دوران فلسطینیوں کے حامی بار بار کھڑے ہوتے رہے اور نعرے لگا کر خلل ڈالتے رہے۔

مظاہرین نے صدر بائیڈن سے اسرائیلی مظالم رکوانے اور فوری جنگ بندی کرانے کا مطالبہ کیا، جبکہ بائیڈن کے حامی صدر کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔

اسرائیلی فوج کا بڑا نقصان
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کا بڑا جانی نقصان ہوا ہے، جس کے ایک روز میں افسران سمیت چوبیس اسرائیلی فوجی مارے گئے۔

اسرائیل کی جابب سے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ فوجی یرغمالیوں کو بازیاب کرانے کی کوشش میں مارے گئے۔

حماس نے اسرائیل کا جدید ترین ڈرون طیارہ میٹرس سکس ہنڈرڈ بھی مار گرایا اور کئی ٹینک تباہ کردیے۔

خان یونس میں اسرائیلی فوج نے چند گھنٹوں میں چالیس فلسطینی شہید کردیے، اسرائیلی فوج نے النصر اسپتال کا محاصرہ کیا اور علاقے کو خالی کرنے کا حکم دے دیا۔

اسرائیلی فوج نے المغازی محلہ کو بھی بمباری سے تباہ کردیا۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News