بدھ,  08 مئی 2024ء
حکام کی اجازت کے بغیر حج جائز نہیں،کبار علما کونسل

ریاض(روشن پاکستان نیوز)سعودی عرب کی کبار علما کونسل نے کہا ہے کہ فریضہ حج کی ادائی کے لیے مجاز حکام سے اجازت حاصل کرنا ضروری اور شریعت کا مقصود ہے۔ شریعت مفادات کو بہتر بنانے، برائیوں سے روکنے پر زور دیتی ہے اور بغیر اجازت حج جانا برائی ہے اور ایسا کرنے والا گناہ گار ہوگا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات سعودی عرب کی کبار علما کونسل کی طرف سے جاری ایک بیان میں سامنے آئی۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اللہ تعالی نے اس نیک اور بابرکت ملک مملکت سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو حرمین شریفین کی خدمت کی ذمہ داری سونپ کر عزت بخشی ہے۔

سعودی عرب نے بھی کما حقہ اس اس ذمہ داری کو نبھایا۔ مسلسل توسیعی منصوبوں اور انفراسٹرکچر کے نفاذ، سڑکوں اور سرنگوں کی تعمیر اور حرمین شریفین میں آنے والوں کو فراہم کی جانے والی خدمات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب نے پوری ذمہ داری کے ساتھ حجاج اورمعمترین کی مدد کی ہے۔یہ بات ان ضوابط اور ہدایات میں بھی واضح کی گئی ہے جن کا مقصد زائرین، معتمرین اور حجاج کے استقبال کا اہتمام کرنے اور ان کی نقل و حرکت کومنظم کرنے کے لیے جاری کی گئی ہیں تاکہ تمام عازمین آسانی، سکون، حفاظت اور سلامتی کے ساتھ مناسک ادا کر سکیں۔سینئر علما کونسل کو اس بارے میں بریفنگ دی گئی جو وزارت داخلہ، وزارت حج و عمرہ اور حرمین شریفین کی دیکھ بھال کی جنرل اتھارٹی کے نمائندوں نے چیلنجز اور خطرات سے متعلق پیش کی۔

اس حوالے سے کبار علما کونسل نے کہا کہ حج کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنا اس لیے ضروری ہے تاکہ تمام عازمین سہولت اور اطمینان کے ساتھ مناسک حج ادا کرسکیں۔ ارشاد باری تعالی ہے کہ (اللہ تعالی تمہارے لیے آسانی چاہتا ہے اور تمہارے لیے سختی نہیں چاہتا اور انسان کو کمزور پیدا کیا گیا ہے)۔ اللہ تعالی اپنے قوانین، اوامر ونواہی اور جو کچھ آپ کے لیے مقرر کیا ہے اس میں آپ کے بارے میں سہولت چاہتا ہے۔

جہاں تک حج کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کی بات ہے تو یہ ایک انتظامی معاملہ ہے جس کا مقصد حجاج کرام کو عبادت اور مناسک کی ادائی کے لیے آسانی مہیا کرنا ہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News