جمعه,  17 مئی 2024ء
برطانیہ کے شہر شیفلڈ میں فلسطین سے اظہاریکجہتی کے لئے بڑا مظاہرہ

شیفلڈ(روشن پاکستان نیوز)برطانیہ کے شہر شیفلڈ میں غزہ جنگ کے خلاف اور فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے بڑا مظاہر ہ کیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر شیفلڈ میں ’’شیفلڈفلسطین یکجہتی مہم‘‘کے زیر اہتمام کارکنان صحت نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرے کی کال شیفلڈ فلسطین یکجہتی مہم کی جانب سے دی گئی تھی،دوپہر کے وقت کئے گئے مظاہرے میں بڑی تعدادمیں مقامی اور تارکین وطن نے شرکت کی۔

مظاہرہ شیفلڈ ٹرین سٹیشن کے باہر کیاگیا جس میں تقریبا ہر عمر کے فرد سمیت خواتین،بچوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بڑے بڑے بینززاٹھا رکھے تھے جن پر غزہ جنگ بند کرو اور فلسطینی سے اظہاریکجہتی کی تحریریں درج تھیں۔

بینرز پر ”غزہ پر بمباری بند کرو“۔ ”اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے“۔ اسرائیل کو اپنے جنگی جرائم کا حساب دینا ہوگا۔

اسی طرح امریکی صدر جوبائیڈن‘ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن یاہو اور برطانوی وزیراعظم رشی سنک کی تصاویر کے پوسٹر چسپاں تھے جن پر لکھا تھا کہ یہ تینوں افرادجنگ کے ذمہ دار ہیں۔

مزیدپڑھیں:محمد عامر کاانٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کااعلان

بعض فلسطینی خواتین اور بچوں نے ”بچوں کا قتل بند کرو“ کے بینرز کے ہمراہ شہید ہونے والے بچوں کی تصوراتی نعشیں بھی اٹھا رکھی تھیں جو اسرائیلی افواج کے جاری ان وحشیانہ اقدام کو انسانیت کا قتل قرار دیتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کر رہے تھے۔

مظاہرے میں’’ فلسطین کے لئے ہیلتھ ورکرز‘‘کے نام سے کارکنان صحت کی بڑی تعدادبھی شریک تھی ۔

مقامی پولیس نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے اس مظاہرے کے دوران امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے اہلکار تعینات کررکھے تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی برطانیہ کے مختلف شہروں میں فلسطین سے اظہاریکجہتی کے لئے مظاہرے ہوچکے ہیں۔لاکھوں مظاہرین نے لندن میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کے خلاف مظاہرے کئے۔

یادر ہے کہ سات اکتوبر سے غزہ جنگ جاری ہے اور سرائیل کے غزہ کی پٹی پر حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 30 ہزار 631 ہو گئی ہے۔

اسرائیلی جنگی طیاروں اور توپ خانے کے یونٹوں نے غزہ کی پٹی کے شمالی اور وسطی حصے میں شہری بستیوں پر حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد کو شہید کر دیا ہے ۔
خان یونس اور آس پاس کے بہت سے علاقے، خاص طور پر حمد شہر، اسرائیلی جنگی طیاروں اور توپ خانے کے شدید حملوں کی زد میں ہیں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News