اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سپارک خواتین کو با اختیار بنانے اور ان کے حقوق کے فروغ کے لئے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے ۔خواتین کو ضروری وسائل اور مہارتیں فراہم کر کے انہیں معاشی اور سماجی طور پر خودمختار بنایا جا رہا ہے۔ ان کاوشوں کا مقصد خواتین کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
کامن ویلتھ آف لرننگ کے ساتھ شراکت داری کے تحت، جو کہ کینیڈا میں قائم ایک بین الحکومتی ادارہ ہے اور پائیدار ترقی کے لیے تعلیم کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے، اسپارک خواتین کی ڈیجیٹل خواندگی، پیشہ ورانہ مہارتوں اور معاشی خودمختاری پر کام کر رہا ہے۔ جدید تربیتی پروگراموں اور حکمت عملیوں کے ذریعے، اسپارک کا مقصد خواتین کو با اختیار بنانا ہےتاکہ وہ بہتر روزگار حاصل کر سکیں اور اپنے حقوق کے لیےآواز اٹھا سکیں ۔
“ایمپاورنگ ویمن اینڈ گرلز پروجیکٹ” کے نام سے ایک پروگرام کا متعارف کروایا گیا جس کا مقصد صنفی مساوات کا فروغ ہے۔ یہ منصوبہ حیدرآباد، ملتان، پشاور، راولپنڈی، اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں خواتین اور لڑکیوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے، معاشی ترقی اور انسانی حقوق کی آگاہی فراہم کر رہا ہے۔ اس میں مزید ،خواتین کو درپیش مشکلات کو کم کرنا، منفی روایات کو چیلنج کرنا، اور انہیں خودمختار بنانا شامل ہے۔
یہ پروگرام اپنے نصف مرحلے میں ہے اور اس سے پاکستان، ملاوی، موزمبیق، بنگلہ دیش، اور سری لنکا میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ اب تک 46,156 خواتین اور لڑکیوں نے پیشہ ورانہ تربیت حاصل کی، 12,734 کو مالی معاونت تک رسائی ملی، اور 7,213 نے زرعی مہارتیں حاصل کیں۔ ان اقدامات نے خواتین میں خودمختاری اور خود یقینی کے جزبات کو ابھارا۔
اسی منصوبے کے تحت، اسپارک نے ملاوی، موزمبیق، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے بین الاقوامی وفد کی میزبانی کی۔ اس دورے کا مقصد مختلف ممالک کے تجربات اور بہترین حکمت عملیوں کا تبادلہ تھا تاکہ صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے عالمی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ مہمان وفد نے مقامی برادریوں سے ملاقات کی، منصوبے کی سرگرمیوں کا قریب سے مشاہدہ کیا اور باہمی تعاون کو مؤثر بنانے کے لیے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں: سپارکو کا مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای اوون 17 جنوری کو لانچ کرنے کا اعلان
منصوبے کے تحت منعقد ہونے والے سیمینار میں شخصیات نے صنفی مساوات، تعلیم، اور خواتین کے حقوق پر قیمتی خیالات کا اظہار کیا۔ نمایاں مقررین میں کینیڈین ہائی کمیشن کی سیکنڈ سیکریٹری محترمہ ساشا اولیویرا، معروف سماجی سائنسدان ڈاکٹر فوزیہ سعید، نمایاں سوشل انٹرپرینیور محترمہ فاجر پاشا، مسٹر رانا سکندر حیات خان، ٹرینر ڈاکٹر فوزیہ کنول، تعلیمی ماہر ڈاکٹر جاوید احمد ملک، اور COL کی سینئر ایڈوائزر محترمہ فرانسس فریرا شامل تھیں، جو اس منصوبے کی قیادت کر رہی ہیں۔
یہ منصوبہ خواتین کو خودمختار بنانے اور ملکی معاشرتی ترقی میں ان کے کردار کو مؤثر بنانے کی ایک کاوش ہے۔