جمعرات,  22 جنوری 2026ء
یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والی لڑکی کا بھیانک انجام
یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والی لڑکی کا بھیانک انجام

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والی لڑکی کے بھیانک انجام نے انٹرنیٹ صارفین کو خوفزدہ کر دیا ہے۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کالج میں پڑھنے والی فرسٹ ایئر کی طالبہ مقامی دکان سے خریدی گئی دوا کھانے سے ہلاک ہوگئی جس کے بارے میں اس نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو دیکھی تھی کہ اس کے استعمال سے وزن کم ہوتا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ 19 سالہ راسی دیہاڑی دار مزدور ویل مروگن اور وجیا لکشمی کی بیٹی تھی اور ناریمیدو کے ایک معروف نجی خواتین کالج میں زیرِ تعلیم تھی۔

یہ بھی پڑھیں:شعبہ صحت میں بہتری کے لیے انقلابی فیصلے

وزن کچھ زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ اکثر وزن کم کرنے کے ٹوٹکوں کی تلاش میں رہتی تھی۔ گزشتہ ہفتے اس نے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو دیکھی اور 16 جنوری کو کیتھاماسی اسٹریٹ کے قریب ادویات کی دکان سے وہ مخصوص دوا خریدی۔

17 جنوری کو اس نے یوٹیوب ویڈیو میں بتائے گئے طریقے کے مطابق اس کا استعمال کیا جس کے فوراً بعد اسے الٹیاں شروع ہوگئیں۔ اس کی والدہ اسے فوری طور پر ایک نجی اسپتال لے گئیں جہاں علاج کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا تھا۔

اسپتال میں علاج کے بعد جب وہ گھر آئی تو اس نے پیٹ میں شدید درد اور فضلے میں خون آنے کی شکایت کی اور اپنے والد سے لپٹ کر رونے لگی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ رات تقریباً 11 بجے لڑکی الٹیاں کرنے لگی، پڑوسیوں کی مدد سے اسے گورنمنٹ راجاجی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ چکی تھی۔

لڑکی کا پوسٹ مارٹم مکمل کر کے لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔ سیلور پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی۔

مزید خبریں