پیر,  16 فروری 2026ء
صرف 7 سال کی عمر میں دنیا کے ساتوں براعظم دیکھنے والا بچہ کون ہے؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  بہت سارے انسان پوری زندگی میں مکمل دنیا دیکھ نہیں پاتے لیکن ایک بچہ صرف سات سال کی عمر میں ساتوں براعظم دیکھ چکا۔

گھومنا پھرنا، تفریح کرنا دنیا میں اکثر لوگوں کا محبوب مشغلہ ہے۔ کوئی مقامی تو کوئی دنیا کی کھوج میں سیاحت پر نکلتا ہے، لیکن پوری زندگی لگانے کے باوجود بھی لوگ پوری دنیا گھومنے کی حسرت پوری نہیں کر پاتے۔ تاہم ایک ایسا بچہ بھی ہے، جس کی عمر تو صرف سات سال ہے، مگر وہ اتنی سی عمر میں دنیا کے ساتوں براعظم دیکھ چکا ہے۔

ہماری دنیا میں عموماً بچے سات سال کی عمر میں گھر سے اسکول کا راستہ ناپتے ہیں، مگر امریکا سے تعلق رکھنے والا وائلڈر میک گرا وہ خوش نصیب بچہ ہے، جس نے اتنی سی عمر میں پوری دنیا کی سیر کر ڈالی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائلڈر کی والدہ جورڈی لیپ میک گرا پیشے کے لحاظ سے سفر نامے لکھنے والی مصنفہ ہے اور اس کے لیے انہیں دنیا کے ہر کونے میں جانا پڑتا ہے۔ جب وائلڈر ان کی زندگی میں آیا تو وہ بھی ان کا ہمسفر بن گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دو سال قبل جب ہم نے اپنے سفر پر نظر ڈالی تو پتہ چلا کہ ہمارے ساتھ پانچ سالہ وائلڈر دنیا کے پانچ براعظم گھوم چکا ہے، جس کے بعد میرے شوہر راس میک گرا نے ساتوں براعظم کے سفر کا ایڈونچر مکمل کرنے کا پلان بنایا۔

مزید پڑھیں: بابراعظم کی اپنے خواب اور یادگار لمحے کے بارے میں لب کشائی

وائلڈر، جس نے اپنا پہلا غیر ملکی سفر صرف دو ماہ کی عمر میں اس وقت کیا تھا، جب وہ والدین کے ہمراہ پرتگال گیا تھا۔ اس کے بعد کیریبئن جزائر، کینیڈا اور میکسیکو کی یاترا کی۔ کووڈ 19 کی وجہ سے عارضی طور پر سفر رکا، لیکن دنیا کے کھلتے ہی یہ سفر بھی دوبارہ شروع ہو گیا۔

جورڈی نے مزید بتایا کہ پچھلے سال کے آغاز تک ہم اپنے بچے کو دنیا کے 6 براعظم لے کر جا چکے تھے اور وہ نیوس، کوسٹا ریکا، دبئی اور زیمبیا میں سفاری، فرانس، سوئٹزر لینڈ، اسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ اور اٹلی سمیت کئی یورپی ممالک گھوما، گالاپاگوس جزائر بھی گئے اور ایمسٹرڈیم، سنگاپور، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا دورہ کرکے اپنا چھٹا براعظم مکمل کیا۔

وائلڈر کی والدہ نے بتایا کہ جب چھ براعظم گھوم چکے تو ہم نے ساتویں براعظم انٹارکٹیکا کا پروگرام بنایا اور گزشتہ سال نومبر میں برف سے ڈھکے براعظم انٹارکٹیکا پہنچ گئے۔

تاہم اپنی کہانی بیان کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا سیاحت کی صرف خوبصورت تصویریں دکھاتا ہے، لیکن یہ سفر ہمیشہ آرام دہ نہیں ہوتے۔

مزید خبریں