اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) کولمبیا کے سان برناردو آرکی پیلاگو میں واقع جزیرہ سانتا کروز ڈیل ایسلوٹے صرف دو فٹ بال کے میدان کے برابر رقبے کے باوجود دنیا کے سب سے زیادہ آباد جزائر میں شمار ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جزیرے کا رقبہ صرف 0.012 مربع کلومیٹر ہے، تاہم یہاں تقریباً 1,200 افراد آباد ہیں، جس کے باعث فی مربع میٹر آبادی کی شرح غیر معمولی حد تک زیادہ ہے۔
تاریخی طور پر یہ جزیرہ انیسویں صدی تک غیر آباد رہا، بعد ازاں افریقی کولمبیائی ماہی گیروں نے یہاں مستقل رہائش اختیار کی، اور وقت کے ساتھ ساتھ جزیرے کی کمیونٹی میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔
مزید پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی فوج کا ٹارگٹڈ حملہ ، الجزیرہ کے صحافی 4 ساتھیوں سمیت شہید
جزیرے میں موجود تقریباً 115 مکانات محدود رقبے پر تعمیر کیے گئے ہیں، جبکہ جگہ کی کمی کے باعث کئی مکانات کی اوپر کی جانب توسیع بھی کی جا رہی ہے، جو مقامی رہائشیوں اور جزیرے کے مستقبل کے لیے چیلنجز پیدا کر رہی ہے۔
جزیرے کی بڑھتی ہوئی شہرت کے بعد مقامی افراد نے سیاحوں کی آمد کو منظم کرنے کے لیے تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر فیس وصول کرنا شروع کر دی ہے۔ جزیرے میں بنیادی سہولیات محدود ہیں، پانی ہفتہ وار مین لینڈ سے لایا جاتا ہے، جبکہ نقل و حمل کے لیے کوئی گاڑیاں موجود نہیں ہیں۔
مقامی کمیونٹی کے مطابق جزیرے میں جرائم یا دیگر سماجی مسائل کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے، اور رہائشی زمین کی کمی اور وسائل کی محدودیت کے باوجود اپنی کمیونٹی میں زندگی گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔











