اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سونے سے بنے اس منفرد کموڈ کی نیلامی ہونے والی ہے ڈھائی من وزنی اس کموڈ کی پاکستانی مالیت 3 ارب سے زائد ہے۔
دنیا میں سونا عموماً خواتین کے زیورات یا سرمایہ کاری کے کام آتا ہے، لیکن کچھ اس قیمتی دھات سے بنی بعض ایسی نمونہ اشیا سامنے آتی ہیں، جس کو دیکھ کر دنیا حیران رہ جاتی ہے۔
ایسا یہ ایک عجیب وغریب کموڈ امریکا میں سامنے آیا ہے جو سونے سے بنا ہوا ہے۔ 18 قیراط سونے سے بنے اس خاص کموڈ کا وزن 101 کلو گرام (ڈھائی من سے زائد) ہے اور پاکستانی کرنسی میں اس کی مالیت تین ارب 41 کروڑ روپے بنتی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سونے سے بنا یہ کموڈ اٹلی کے فنکار ماوریزیو کیٹیلن نے 2016 میں تخلیق کیا تھا اور 17-2016 میں اس کی پہلی بار نیویارک کے گوگن ہائیم میوزیم میں نمائش کی گئی تھی۔
اس فن پارہ کی نیلامی منگل 18 نومبر کی شب ہوگی۔ امریکا میں ہونے والی اس نیلامی کی ابتدائی بولی اس روز سونے کی عالمی قیمت سے شروع کی جائے گی۔ تاہم فن پارہ کی اہمیت کے پیش نظر نیلامی کے دوران اس کی قیمت بڑھ سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: آٹو میٹک تصاویر بنانے والا واٹس ایپ کا نیا دلچسپ فیچر متعارف
نیلامی کروانے والی کمپنی سوذبیز کے نائب چیئرمین ڈیوڈ گالپرن نے کہا کہ ’اس فن پارے کی نیلامی سونے کے وزن کے برابر قیمت سے شروع ہوگی۔ یہ فن پارہ 101.2 کلوگرام 18 قیراط سونے پر مشتمل ہے۔ آج کے اندازے کے مطابق اس کی مالیت تقریباً 10 ملین ڈالر کے قریب ہے۔‘
واضح رہے کہ اس طلائی کموڈ کے خالق کیٹیلن اپنے فن پاروں کے لیے مشہور ہیں۔ ان کا ڈکٹ ٹیپ سے چپکایا ہوا کیلا ’کومیڈین‘ 2024 میں سوتھبیز میں تقریباً 62 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔
نیلامی سے قبل گزشتہ روز اس کموڈ کو نیویارک میں عوامی نمائش کے لیے بھی پیش کیا گیا۔










