فلوریڈا(روشن پاکستان نیوز) امریکا کے ایک اسپتال میں پیش آنے والے حیرت انگیز واقعے نے ڈاکٹروں کو بھی حیران کر دیا، جب ایک تھراپسٹ کتے نے طویل کوما میں مبتلا خاتون کو ہوش میں لانے میں اہم کردار ادا کیا، ڈاکٹروں کے مطابق یہ واقعہ کسی ’طبی معجزے‘ سے کم نہیں۔
39 سالہ بریسیلا ٹِمونس 13 مارچ کو پھیپھڑوں میں خون کے لوتھڑے بننے کے باعث دل کے دورے میں مبتلا ہوئیں۔ ان کا دل 3 بار رک گیا اور جسم کے کئی اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ میموریل ویسٹ اسپتال کے مطابق ان کے بچنے کے امکانات دس فی صد سے بھی کم تھے۔
آئی سی یو کے سربراہ ڈاکٹر ڈینیئل مائر کے مطابق مریضہ کا دل تقریباً چالیس منٹ تک بند رہا، مگر عملے نے ہمت نہیں ہاری اور طویل کوششوں کے بعد دل کی دھڑکن بحال کر لی، بعد ازاں ٹِمونس کو مصنوعی کوما میں رکھا گیا تاکہ ان کے جسم کو سنبھلنے کا موقع ملے۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ سپر فور مرحلہ؛ بنگلادیش نے سری لنکا کو دلچسپ مقابلےکے بعد 4 وکٹوں سے شکست دیدی
پھر خاتون کو کوما سے باہر نکالنے کی کوششیں کی جانے لگیں، اور چند ہفتے بعد ایک تھراپی کتے ’سکرونشی‘ کو ان کے پاس لایا گیا، نرس نے مریضہ کے ہاتھ کے پاس مٹھائی کا ایک چھوٹا ٹکڑا رکھا، کتا ان کے ہاتھ کے قریب آیا اور نرمی سے اپنی ناک سے چھونے لگا، چند لمحوں بعد وہ منظر سامنے آیا جس نے سب کو حیران کر دیا، بریسیلا ٹِمونس کی انگلیاں حرکت کرنے لگیں اور ان کا ہاتھ آہستہ آہستہ اوپر اٹھ گیا۔
پریس کانفرنس کے دوران ہوش میں آنے کے بعد بریسیلا نے بتایا: ’’میں اردگرد کی آوازیں سن سکتی تھی مگر حرکت نہیں کر پا رہی تھی۔ جب کتے کا لمس محسوس کیا تو لگا جیسے کوئی مجھ سے کہہ رہا ہو کہ تم اکیلی نہیں ہو۔ وہ لمس میری زندگی کی نئی تحریک بن گیا۔‘‘











