بہار(روشن پاکستان نیوز) بھارت میں پولیس نے چائے والے کے گھر سے ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے، سونا، چاندی اور لگژری گاڑی برآمد کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست بہار پولیس نے گوپال گنج میں چائے بیچنے والے کی رہائش گاہ سے 1.05 کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی اور زیورات کی ایک بڑی رقم ضبط کی ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران سائبر کرائم نیٹ ورک میں ملوث دو بھائیوں کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے امیتھی خورد گاؤں میں ایک گھر پر چھاپہ مارا۔ تلاشی کے دوران انہیں ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے نقد، 344 گرام سونا، 1.75 کلو چاندی، اور آن لائن دھوکہ دہی سے منسلک کئی اشیاء برآمد ہوئیں۔
سائبر ڈی ایس پی اونتیکا دلیپ کمار نے انکشاف کیا کہ ضبط شدہ اشیاء میں 85 اے ٹی ایم کارڈ، 75 بینک پاس بک، 28 چیک بک، آدھار کارڈ، دو لیپ ٹاپ، تین موبائل فون، اور ایک لگژری کار بھی شامل ہے۔
پولیس نے اطلاع دی کہ مرکزی ملزم جس کی شناخت ابھیشیک کمار کے طور پر کی گئی ہے، سائبر کرائم ریکیٹ میں مبینہ طور پر شامل ہونے سے پہلے ایک چھوٹا سا چائے کا اسٹال چلاتا تھا اور اس کے بعد وہ دبئی چلا گیا، جہاں سے وہ آن لائن فراڈ کا نیٹ ورک چلا رہا تھا جبکہ اس کا بھائی آدتیہ کمار بھارت میں لین دین اور لاجسٹکس کی نگرانی کرتا تھا۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ سپر فور مرحلہ؛ بنگلادیش نے سری لنکا کو دلچسپ مقابلےکے بعد 4 وکٹوں سے شکست دیدی
انڈیا ٹوڈے کی طرف سے ڈی ایس پی اونتیکا دلیپ کمار کے حوالے سے بتایا گیا، “ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ گروہ نے دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی رقم مختلف بینک کھاتوں میں منتقل کی اور بعد میں اسے نقد میں تبدیل کر دیا۔”
پولیس کو شبہ ہے کہ یہ نیٹ ورک بہار سے باہر پھیلا ہوا ہے، ممکنہ طور پر دوسری ریاستوں سے اس کا تعلق ہے۔ گینگ سے جڑے کئی دیگر افراد کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔