پیر,  28 جولائی 2025ء
دو ہفتے صرف سبزیاں کھانے والی لڑکی موت کے منہ سے بچ گئی

بیجنگ(روشن پاکستان نیوز) چین کے صوبہ ہونان میں ایک 16 سالہ لڑکی نے صرف دو ہفتوں کی انتہائی سخت ڈائٹنگ کے بعد اپنی جان خطرے میں ڈال دی، محض اس خواہش میں کہ وہ اپنی سالگرہ کے لیے خریدا گیا لباس پہن سکے۔

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق میئی نامی لڑکی نے دو ہفتے تک صرف معمولی مقدار میں سبزیاں کھائیں اور وزن کم کرنے کے لیے قبض کشا دوا کا استعمال کرتی رہی۔

جلد ہی اس کی طبیعت بگڑ گئی۔ اسے سانس لینے میں دشواری اور جسمانی کمزوری کا سامنا ہوا، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق، لڑکی کی حالت اس قدر تشویشناک ہو گئی تھی کہ اسے بچانے کے لیے 12 گھنٹے طویل ہنگامی طبی عمل انجام دینا پڑا۔

میئی کے خون میں پوٹاشیم کی سطح خطرناک حد تک کم ہو چکی تھی، جس سے اسے ہائپو کیلیمیا Hypokalemia نامی خطرناک حالت لاحق ہو گئی۔ یہ کیفیت جسم میں پوٹاشیم کی کمی کے باعث ہوتی ہے، اور اس سے سانس بند ہونے یا دل کی دھڑکن رکنے جیسے جان لیوا مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

ڈاکٹرز نے اس کی وجہ غیر متوازن غذا اورقبض کشا ادویات کا مسلسل قرار دیا۔ جس سے جسم میں پانی اور ضروری منرلز کی کمی ہو جاتی ہے، جو بالآخر ہائپو کیلیمیا جیسی بیماری کا سبب بنتی ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ایسے غیر متوازن ڈائٹ پلان اور ڈی ہائیڈریشن جسم سے پوٹاشیم کی سطح کم کر دیتے ہیں، جو خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹرز نے مشورہ دیا ہے کہ جسم میں پوٹاشیم کی مناسب مقدار برقرار رکھنے کے لیے افراد کو آلو، کیلا، مرغی اور دیگر متوازن غذا کھانی چاہیے، ساتھ ہی روزانہ وافر مقدار میں پانی پینا بھی ضروری ہے۔

خوش قسمتی سے، میئی کی حالت سنبھل گئی اور اسے مکمل صحتیابی کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ اس نے آئندہ کبھی وزن کم کرنے کے لیے ایسی خطرناک اور غیر صحت مند طریقے استعمال کرنے سے توبہ کر لی۔

میئی اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے والی پہلی چینی شہری نہیں ہے۔ گزشتہ سال ایک 26 سالہ نوجوان مرد کو بھی اسی بیماریHypokalemia کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ وہ روزانہ صرف آٹھ گھنٹے کے دوران کھاتا اور باقی وقت فاقہ کرتا، ساتھ ہی سخت جسمانی مشقیں بھی کرتا تھا۔

اسی طرح 2021 میں ایک 38 سالہ خاتون کو وزن کم کرنے کے لیے بیک وقت چار لیٹر نمک ملا پانی پینے کی کوشش میں ”واٹر انٹاکسی کیشن“ ہو گئی، جس پر اسے اسپتال لے جایا گیا۔

مزید پڑھیں: کیپیٹل پولیس سیکیورٹی ڈویژن کا متنازع حکم: بیمار اہلکار پہلے محرر دفتر جائیں، بعد میں ہسپتال

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں خوبصورتی اور دبلا پن حاصل کرنے کے جنون نے انہیں ایسے خطرناک تجربات کی طرف دھکیل دیا ہے جو نہ صرف صحت بلکہ زندگی کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔ والدین اور تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ بچوں میں صحیح غذا اور مثبت جسمانی خود اعتمادی کو فروغ دیں۔

مزید خبریں