اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) کینیڈا کے شہری لارنس کیمبل نے اپنی گرل فرینڈ کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے، جس پر اس نے الزام لگایا ہے کہ وہ اس کی 36 لاکھ ڈالر کی جیتی گئی لاٹری کی رقم لے کر غائب ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لارنس کیمبل نے کہا کہ لاٹری کا ٹکٹ اس نے خود خریدا تھا، لیکن انعام کی وصولی کے لیے اپنی گرل فرینڈ پر اعتماد کیا کیونکہ اس وقت اس کا بٹوا اور شناختی دستاویزات گم ہو چکے تھے۔
رپورٹ کے مطابق لارنس کیمبل نے سی ٹی وی نیوز کو بتایا کہ وہ اور کرسٹل میک کے ڈیڑھ سال سے رشتے میں تھے اور ایک ساتھ رہ رہے تھے۔ ان کے بقول ان کا رشتہ وفاداری، اور روشن مستقبل کا حامل تھا۔ اسی لیے انہوں نے لاٹری کی رقم وصول کرنے کی ذمے داری کرسٹل کو سونپی۔
لیکن صورتِ حال اس وقت یکسر بدل گئی جب گرل فرینڈ نے لاٹری جیتنے کے بعد محض چند دنوں میں رابطہ ختم کر دیا اور ہوٹل کے کمرے میں واپس نہ آئی جہاں وہ دونوں مقیم تھے۔
کیمبل نے بتایا کہ میں نے اس کی تلاش کے لیے ان مقامات پر جانا شروع کیا جہاں وہ اکثر پارٹی کرنے جاتی تھی، تاہم وہ مجھے ایک اور شخص کے ساتھ ملی۔
جس کے بعد لڑکی نے کیمبل کے فون کالز اور پیغامات کا جواب دینا بند کر دیا، اسے سوشل میڈیا پر بلاک کر دیا، اور یہاں تک کہ اس کے خلاف ایک حفاظتی حکم (protection order) بھی حاصل کر لیا۔
مزید پڑھیں: نیشنز ہاکی کپ, پاکستانی ٹیم چھا گئی ، کینیڈا کو 1-8 سے شکست دیدی
رپورٹ کے مطابق یہ سب کچھ ہونے کے بعد کیمبل اب کرسٹل میک کی کے خلاف قانونی کارروائی کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنی لاٹری کی جیتی ہوئی رقم واپس حاصل کر سکیں۔ ان کا موقف ہے کہ یہ رقم ان کی ملکیت تھی اور میک کی نے اعتماد کو توڑتے ہوئے اس پر ناجائز قبضہ کر لیا۔