اتوار,  16 مارچ 2025ء
سلمیٰ بٹ کا حافظ آباد میں رمضان سہولت بازار کا دورہ، عوامی ریلیف اقدامات کی تعریف

حافظ آباد(شوکت علی وٹو)وزیرا علیٰ کی معاونِ خصوصی برائے پرائس کنٹرول و اینڈ کموڈ یٹیز مینجمنٹ سلمیٰ بٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی ریلیف ویژن کے تحت صوبہ بھر میں 80سے زائد رمضان سہولت بازار لگائے گئے ہیں۔جہاں روزانہ 4لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ ان رمضان سہولت بازاروں میں آٹا، چینی، کریانہ،سبزیاں، پھل،گوشت اور دیگر اشیائے خوردونوش عام مارکیٹ کی نسبت سستے داموں دستیاب ہیں۔ حافظ آباد کے رمضان سہولت بازار میں خریداروں کا رش اس بات کی دلیل ہے کہ عوام کو یہاں سستی اور معیاری اشیاء مل رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے پنجاب بھر میں -30ارب روپے کا رمضان نگہبان پیکج دیا گیا ہے۔جس سے 30لاکھ گھرانوں کو فی کس 10ہزارروپے دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار حافظ آباد کے دورہ کے موقع پر مقامی صحافیوں سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ضلعی انتظامیہ اور ماڈل بازار اتھارٹی کے افسران بھی اس موقع پر موجو د تھے۔ معاون ِ خصوصی نے رمضان سہولت بازار اور رمضان نگہبان پیکج کی رقوم کی تقسیم کے سنٹر کا دورہ کیا۔معاون ِ خصوصی سلمیٰ بٹ کاکہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوا ز کا روزِاول سے ترجیح تھی کہ مہنگائی کو کم کیا جائے متوسط اور غریب طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ انکاکہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے اس عوامی ریلیف ویژن کے تحت لوگوں کو سستی اشیاء کی فراہمی اور اشیائے خوردونو ش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ حافظ آباد کے اس رمضان سہولت بازار میں خریداروں کے رش سے یہ ثابت ہو تا ہے کہ مقامی ضلعی انتظامیہ حکومتی ہدایات کے مطابق عوام کو ریلیف کرنے میں کامیاب ہے۔معاونِ خصوصی نے سہولت بازار میں قائم اشیائے خوردونوش کے مختلف سٹالز کا دورہ کر تے ہوئے وہاں چیزوں کی دستیابی، قیمتوں اور کوالٹی کو چیک کیا جبکہ بازار میں خریداروں سے سستی اشیاء کی فراہمی کے حوالے سے فیڈ بیک بھی لیا،جس پر مردوں خواتین خریداروں نے سستی اشیاء کی دستیابی کا خیر مقدم کیا۔ معاونِ خصوصی کسوکی روڈ اور چک چٹھہ میں رمضان نگہبان پیکج کی رقوم کی تقسیم کے سلسلہ میں قائم سنٹر زکا بھی دورہ کیااور وہاں شفاف طریقہ کار سے مستحقین میں رقوم کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیرا علیٰ کی معاون خصوصی نے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب ماڈل بازار اتھارٹی کی جانب سے رمضان سہولت بازاروں اور رمضان نگہبان پیکج کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کے انتظامات کو سراہا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے وزیراعلیٰ کی معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ کو رمضان سہولت بازار اور رمضان نگہبان پیکج کے حوالے سے بریفنگ دی۔

مزید خبریں