ممبیٔ (روشن پاکستان نیوز) الیکٹرک بورڈ نے درزی کو ایک مہینے کا 86 لاکھ سے زیادہ کا بجلی بل بھیجنے کے بعد ایک اور شہری کو 2 ارب روپے سے زیادہ کا بل بھیج دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں شہری کو الیکٹرک بورڈ کی جانب سے 2 ارب 10 کروڑ 42 لاکھ 8 ہزار 405 روپے بجلی کا بل بھیجا گیا ہے، شہری کا نام للیت دھیمان ہے اور ان کا تعلق ہماچل پردیش کے گاؤں بھیرن جٹاں سے ہے، مذکورہ بل گزشتہ سال دسمبر کا ہے، جسے دیکھ کر للیت دھیمان کا سرچکرا گیا۔
للیت دھیمان کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں انہیں 2500 روپے کا بجلی کا بل بھیجا گیا تھا جو انہوں نے جمع کروا دیا تھا، جبکہ انہیں دسمبر میں اربوں روپے کا بل بھیجا گیا، جس پر اس نے الیکٹرک بورڈ کو شکایت کی، الیکٹرک بورڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ سسٹم میں خرابی کی وجہ سے ایسا ہوا ہے، بعد ازاں شہری کو 4047 بھارتی روپے کا بل دیا گیا جو اس نے ادا کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: ’میں اور چینی صدر دنیا کو پہلے سے زیادہ محفوظ اور پرامن بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے‘: ٹرمپ
بھارتی میڈیا کے مطابق اس سے قبل گجرات میں بھی ایک شہری جو درزی ہے، کو 86 لاکھ روپے سے زیادہ کا بجلی بل بھیجا گیا تھا، جس سے وہ حواس باختہ ہوگیا تھا، تاہم بعد میں اس کی شکایت پرالیکٹرک بورڈ نے بل درست کرکے 1540 روپے بھیجا تھا، جو درزی نے ادا کردیا اور سکھ کا سانس لیا۔