نئی دہلی(روشن پاکستان نیوز) تین ہفتوں میں رنگ گورا کرنے کا دعویٰ کرنے والی کمپنی “فیئر اینڈ ہینڈسم” کو ایک شہری نے عدالت میں لے جا کر قانونی جنگ جیت لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے جین نکھل نے 2013 میں شاہ رخ خان کا ایک اشتہار دیکھا تھا، جس میں وہ “فیئر اینڈ ہینڈسم” کریم کے استعمال کی تجویز دیتے ہوئے لوگوں کو اپنے رنگ کو صاف اور خوبصورت بنانے کی ترغیب دے رہے تھے۔ نکھل نے اس اشتہار کو دیکھ کر اس کریم کو تین ہفتوں تک باقاعدگی سے استعمال کیا، مگر اس کا رنگ گورا نہ ہوا۔
نکھل نے اس پر کمپنی کے خلاف کنزیومر کورٹ سے رجوع کیا اور طویل قانونی جنگ کے بعد عدالت نے اس کے حق میں فیصلہ سنایا۔ عدالت نے کمپنی کو 15 لاکھ بھارتی روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا اور اشتہار کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کریم کو رنگ صاف اور خوبصورت بنانے کے دعوے کے ساتھ بیچا گیا، مگر اس کی ہدایات ناقص اور نامکمل تھیں، جس کی وجہ سے دعویٰ کردہ نتائج حاصل نہ ہو سکے۔
عدالت نے حکم دیا کہ 15 لاکھ روپے میں سے 14 لاکھ 50 ہزار دہلی کنزیومر ویلفیئر فنڈ میں جمع کرائے جائیں جبکہ 50 ہزار روپے نکھل کو بطور معاوضہ دیے جائیں۔ مزید برآں، عدالت نے اس مقدمے پر خرچ ہونے والے 10 ہزار روپے بھی نکھل کو واپس کرنے کا حکم دیا۔
مزید پڑھیں: علی امین کو صوبے کے لوگوں کے مستقبل سے دلچسپی نہیں تو مستعفی ہو جائیں، عظمیٰ بخاری