اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ہم آج تک دنیا کے مقبول ویڈنگ پلینرز سے متعلق سنتے آئے ہیں جو مہنگے ترین پیکجز میں دلہا دلہن کیلئے شادی کے لمحات کو یادگار بناتے ہیں ۔
حال ہی میں ایک ایسا غیر ملکی کاروباری شخص سامنے آیا ہے جو شادی کو یادگار بنانے کے بجائے دلہا یا دلہن کی خواہش پر شادی کی تقریب کو برباد کرنے کے پیسے لیتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ارنسٹورینیرز ویریا نامی شخص جس کا تعلق اسپین سے ہے وہ شادی کی تقریب کو یادگار بنانے کے بجائے پیسوں کے عوض اس تقریب کو برباد کرنے کاکام سرانجام دیتا ہے، ویریا کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ پیسے لے کر شادیوں کو برباد کرنا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ویریا کے پاس آنے والے جوڑوں کی طرف سے اپنی شادی کو برباد کرنے کا مطالبہ اتنا زیادہ ہے کہ ان کے پاس رواں سال دسمبر تک کی ایڈوانس بکنگ موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’ویریا کے بزنس کو مقبولیت ان کے پہلے دیے گئے آن لائن اشتہار سے ملی جس میں درج تھا کہ اگر آپ کو شک ہے یا آپ شادی نہیں کرنا چاہتے اور انکار بھی نہیں کرسکتے تو پریشان نہ ہوں، میں آپ کی شادی پر اعتراض کروں گا‘۔
شادی کیسے رکوائی جاتی ہے؟
ویریا کیلئے شادی کو رکوانا انتہائی آسان ہے، شادی رکوانے کے خواہشمند افراد پیسوں کے عوض ویریا کو صرف شادی کے وقت اور تقریب کے مقام سے متعلق آگاہ کرتے ہیں، شادی کو رکوانے کیلئے ویریا کا معاوضہ 500 یورو (ایک لاکھ 55ہزار سے زائد پاکستانی روپے) ہے۔
ڈیل طے ہونے کے بعد ویریا شادی والے دن آکر کلائنٹ کو اپنا ’سچا پیار‘ کہہ کر شادی رکواتا ہے اور تقریب سے چلاجاتا ہے۔
مزید پڑھیں: شادی سے خوش نہیں تو پیسے دیجیے اور شادی برباد کرائیں: اسپین کے شہری کا انوکھا کاروبار
لیکن یہ ترکیب اتنی بھی آسان نہیں کیوں کہ اس دوران ویریا کو دلہا دلہن کے اہل خانہ کی جانب سے مارپیٹ کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے لیکن اس کیلئے بھی ویریا کے پاس ایک حل ہے اور وہ یہ کہ ویریا ہر گھونسے اور تھپڑ کے 50 یورواضافی وصول کرتاہے۔
کام کی بہت زیادہ مانگ ہے: ویریا
ویریا نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے کام کی بہت زیادہ مانگ ہے جس کیلئے دلہا اور دلہن خود اسے اپروچ کرتے ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے پاس دسمبر تک کی بکنگ ہے۔