جمعه,  17 مئی 2024ء
پالتو بلی کی ایک چھوٹی سی غلطی نے گھر کو آگ لگادی

سیچوان(روشن پاکستان نیوز)چین میں ایک بلی نے حادثاتی طور پر کچن میں رکھے انڈکشن کوکر (الیکٹرانک چولہے) پر پیر رکھ دیا جس کے نتیجے میں گھر میں آگ لگ گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ صوبہ سیچوان میں پیش آیا جہاں جینگوڈیاؤ نامی پالتو بلی نے حادثاتی طور پر گھر میں آگ لگا دی جس سے 100,000 یوآن سے زائد کا نقصان ہوگیا۔

بلی کی مالک خاتون ڈینڈین گھر سے باہر تھیں جب یہ حادثہ پیش آیا۔ انہیں انکے پراپرٹی مینجمنٹ کے عملے نے فون کرکے واقعے کی اطلاع دی کہ آپ کے گھر میں آگ لگی ہوئی ہے۔

خاتون فوراً اپنے فلیٹ میں واپس پہنچیں جہاں انہیں اپنی پالتو بلی جینگوڈیاؤ کی ’شرارت‘ کا علم ہوا۔ بلی کچن میں کھیل رہی تھی اور غلطی سے الیکٹرانک چولہے کے ٹچ پینل پر پیر رکھ دیا تھا جس سے وہ آن ہوگیا اور کچھ ہی دیر بعد تقریباً پورا گھر اس کی لپیٹ میں آگیا۔

فائر فائٹر ڈیپارٹمنٹ کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر بلایا گیا جہاں انہوں نے آگ بجھائی اور بلی کو اوپری منزل میں ایک الماری میں  چھپا ہوا پایا۔ بلی راکھ میں ڈھکی ہوئی تھی تاہم محفوظ تھی۔

حادثے کے بعد، ڈینڈن نے آن لائن معافی کا ایک خط  پوسٹ کیا جس پر ان کے فنگر پرنٹ اور بلی کے پنجے کے نشان تھے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ انہی کی غلطی تھی کیونکہ وہ انڈکشن کوکر کو سوئچ آف کرنا بھول گئی تھیں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News