اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق ایک گہرا اور انتہائی فعال مغربی سسٹم پاکستان میں داخل ہو رہا ہے جو 9 اپریل تک شدت اختیار کرے گا۔ اس سسٹم کے باعث بالائی علاقوں میں غیر معمولی بارشیں، تیز آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور خطہ پوٹھوہار اس سسٹم سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، جہاں 80 سے 150 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں اربن فلڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، خاص طور پر 7 اور 8 اپریل کے دوران۔
پنجاب کے بالائی اور وسطی علاقوں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں 40 سے 80 ملی میٹر بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی ہے، جبکہ جنوبی پنجاب میں 6 اور 7 اپریل کو بکھری بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
بارشوں کا نیا سلسلہ: لاہور سمیت ملک بھر میں بارشیں
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بالائی حصوں میں تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو خبردار کیا ہے کہ ژالہ باری اور آندھی سے فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔










