اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) شدید موسمی صورتحال کے بارے میں این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں ممکنہ شدید سردی کی لہر کا الرٹ جاری کیا ہے۔
آئندہ دنوں میں جنوری کے آخر تک رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد موسم کی توقع ہے، بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برفباری کا امکان ہے، رابطہ سڑکیں، ٹرانسپورٹ اور بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں ممکنہ برفباری کے باعث برفانی تودے گرنے اور پھسلن کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے، عوام سے احتیاط کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے الرٹ میں کہا ہے کہ شدید سردی اور برفباری بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کی صحت کو متاثر کر سکتی ہے، احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
میدانی علاقوں میں سرد و خشک موسم اور بعض مقامات پر کورا/ پالا پڑنے کا امکان ہے، فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز اور برفباری والے علاقوں میں گاڑی کے ٹائروں پر حفاظتی زنجیر کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شدید سرد موسم کے دوران گرم کپڑوں اور ہیٹر کا محفوظ استعمال کریں، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔
صوبائی اداروں اور ضلعی اتنظامیہ کو پہاڑی علاقوں میں ممکنہ برفباری کے پیش نظر پیشگی اقدامات اور ضروری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بارش اور برفباری سے موسم مزید سرد
سیاحتی مقامات پر دستیاب وسائل بالخصوص رہائشی مقامات کی دستیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے آمد رفت کے لیے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
موسم سے متعلق مستند معلومات کے لئے ٹی وی، ریڈیو، تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے راہنمائی حاصل کریں۔
این ڈی ایم اے نے تمام ممکنہ خطرات اور موسمی صورتحال کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی اور ضروری اقدامات کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔











