لاہور(روشن پاکستان نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں مون سون بارشوں کے 9 ویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا ہے، جس کے تحت آج سے 2 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا 9 واں اسپیل شروع ہو چکا ہے، دریاؤں کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے، آج سے 2 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ گوجرانوالہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
اس کے علاوہ نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا، اور میانوالی میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، دریائے چناب راوی اور ستلج میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ، محکمہ موسمیات کی وارننگ جاری
قبل ازیں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 29 اگست سے 2 ستمبر تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ ممکنہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں ہفتے سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ پنجاب کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع بشمول لاہور اور سیالکوٹ میں اتوار اور پیر کو برسات کا امکان ہے، جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں 29 سے 31 اگست کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔
کراچی میں بھی 30 اگست سے 2 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ اور سیلاب کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ سندھ کے دیگر اضلاع اور بلوچستان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کا لاہور سے پیرس کیلئے فضائی آپریشن بند کرنے کا فیصلہ
این ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کریں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔