لاہور(روشن پاکستان نیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون فلڈ کی صورتحال سے متعلق فیکٹ شیٹ جاری کردی جس کے مطابق 24گھنٹوں کےدوران گجرات 86، نارووال 37 اور ملتان میں 28ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 24گھنٹوں کےدوران ڈیرہ غازی خان 27 اور جہلم میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ، اسی طرح راولپنڈی ،سیالکوٹ، اٹک، منگلا، مری، لیہ، میانوالی اور کوٹ ادو میں بھی بارش ہوئی۔
آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید بارش متوقع ہے ، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ بارشوں کا چھٹا اسپیل کل (جمعرات )تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔
مزید پڑھیں: بالائی و وسطی علاقوں میں 5 تا 10 اگست بارشیں متوقع،سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری
دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے،تربیلا ڈیم 95 اور منگلا ڈیم 62 فیصد تک بھر چکے ہیں ،بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 56 فیصد تک ہے۔
بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 164 شہری جاں بحق ہوئے،24گھنٹوں کےدوران مختلف حادثات کے باعث 3 شہری زخمی ہوئے۔