اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم چند علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہے گا۔
ادھر خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور مانسہرہ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے علاقوں میانوالی، جھنگ، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو گرمی کی شدت میں کچھ کمی لا سکتی ہے۔
سندھ اور بلوچستان میں موسم بدستور گرم اور خشک رہے گا۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت بلند رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جو مقامی طور پر موسم کو خوشگوار بنا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی حالات کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔