اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ(این ڈی ایم اے)نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ 2 تا 5 ستمبر تک جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔
این ڈی ایم اے کی جاری ایڈوائزری کے مطابق نشیبی علاقوں میں طغیانی اوراربن فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے، جبکہنئے سسٹم کے تحت شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی بارشوں کا امکان ہے۔
پوٹھوہار سمیت لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد میں ہلکی بارشیں متوقع ہیں جبکہ اس دوران خیبرپختونخوا، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں، پشاور میں ہلکی سے تیز بارش کا امکان ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق قلات ڈویژن، کوئٹہ، پشین اور کیرتھر اور کوہ سلیمان میں بھی ہلکی سے تیز بارش کا امکان ہے جبکہ شمالی سندھ میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب ڈی جی میٹ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں یکم ستمبر سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا۔ مہر صاحبزادہ خان نے کہا بارشوں کا سلسلہ معمول سے زیادہ ہے ،اگست میں ملک بھر میں 60فیصد سے زیادہ بارشیں ہوئیں۔
خیبرپختونخوا میں معمول کی بارشیں ریکارڈ ہوئی ہیں، پنجاب میں 56فیصد بارشیں ہوئیں ،منگلا ڈیم میں پانی کی گنجائش موجود ہے۔
مزید پڑھیں: مون سون کا طاقتور سپیل، ملک کے مختلف شہروں میں بارش، نشیبی علاقے زیر آب
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیپ ڈپریشن کراچی سے 170کلو میٹر فاصلے پر ہے ،سائیکلون گوادر کے قریب سمندر میں بنا ہے ،سندھ اور بلوچستان کا موسم 2 روز میں بہتر ہو جائے گا۔