بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
ملک بھر میں یکم سے 6 اگست تک شدید بارشوں کی پیش گوئی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں  یکم سے 6 اگست تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق 31 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس سے ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ آزاد کشمیر ، پنجاب کے بیشتر مقامات، خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ اسلام آباد میں بھی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔

2 سے 5 اگست کے دوران مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، اسلام آباد اور راولپنڈی کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جب کہ بلوچستان کے برساتی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، وسطی و جنوبی پنجاب اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے، جب کہ 4 اور 5 اگست کو سندھ کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا، بارشوں نے تباہی مچا دی، 19 افراد جاں بحق

اس کے علاوہ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے، اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں